سیلاب متاثرین کیلئے 25 ہزار روپے فی خاندان فراہمی کی منظوری دیدی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب زدگان کیلئے 25 ہزار روپے کے امدادی کیش کی فراہمی کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اے آروائی کے مطابق اجلاس میں سیلاب زدگان کیلئے امدادی کیش کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت سیلاب زدگان میں 25 ہزار روپے فی خاندان کو فراہم کئے جائیں گے

اور وفاق صوبوں کو بھی رقم فراہمی میں حصہ ڈالنے کی بات کرے گا۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اقتصادی امور ڈویژن کی جی 20 ممالک سے قرض موخر اقدامات کی سمری کی منظوری دی، قرض موخر اقدام کے تحت جی ٹونٹی ممالک سے قرض موخر کرنے کے معاہدے کیے جائیں گے۔ای سی سی نے ایف اے ٹی ایف ٹیم کے دورہ کیلئے انتظامی اخراجات کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی مد میں 70 لاکھ کی منظوری بھی دی،

ایف اے ٹی ایف 15 رکنی ٹیم 29 اگست سے 2 ستمبر تک آن سائٹ وزٹ کیلئے دورہ پاکستان پر ہے۔وزیر خزانہ کت زیر صدارت اجلاس میں گندم کے اسٹرٹیجک ذخائر 20 لاکھ ٹن کی سطح پر برقرار رکھنے اور این ایچ اے کو بزنس پلان کی تیاری کیلئے 30 ستمبر 2022 تک کی مہلت کی منظوری بھی دے دی گئی۔این ایچ اے کو بزنس پلان کی تیاری کیلئے 30 ستمبر 2022 کے بعد مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ

ٹی سی پی کو 8 لاکھ ٹن گندم کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات کر دی گئی تھی، گندم کی درآمد حکومتی سطح پر معاہدے یا اوپن بڈنگ کے ذریعے ہونی تھی اب نجی شعبے کے ذریعے گندم درآمد کی جائے گی۔گندم کی درآمد کا فیصلہ مقامی سطح پر گندم کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا، نجی شعبے کو گندم کی درآمد پر سبسڈی نہیں ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close