چوہدری شجاعت حسین شدید برہم، کن لوگوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کر دیا؟

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملکی مفادات کیخلاف بات کرنے اور لکھنے والوں کوسخت سزا دینی چاہئے،ایسے لوگوں کو قوم بھی معاف نہیں کرے گی، سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سیلاب اس وقت قومی ایشو ہے جس سے عام آدمی بری طرح متاثر ہے، ان ممالک کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہئے جنہوں نے سیلاب زدگان کی مدد کی۔چودھری شجاعت نے کہا کہ قومی مفاد کیخلاف کوئی ثبوت ملے تو کوئی بھی رعایت کا مستحق نہیں ہونا چاہئے، ایسے لوگوں کو قوم بھی معاف نہیں کرے گی، ملکی مفادات کیخلاف بات کرنے اور لکھنے والوں کو سخت سزا دینی چاہئے۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وسیع رقبہ کو اپنی لپیٹ میں لینے والے اس سیلاب کی تباہ کاریوں اور شدت کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ مشکل کی ہرگھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہم چین کی اس معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اسی طرح آسٹریلیا نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے 2 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد پر آسٹریلیا کی حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کیا ۔

وزیراعظم کی جانب سے پیغام میں کہا گیا کہ آسٹریلیا کا یہ اقدام قابل تحسین اور انسانیت دوستی کا مظہر ہے۔آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ وتجارت نے کہا کہ آسٹریلیا نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب پر ہنگامی انسانی مدد کے تحت مالی معاونت کا اعلان کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے امداد ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے فراہم کی جائے گی ،سیلاب متاثرین کی فوری انسانی ضروریات پوری کرنے کے لئے حکومت پاکستان کی معاونت کی جائے گی۔ آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ وتجارت نے کہا کہ پاکستان نے سیلاب کی صورتحال پر قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے ، پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ متاثر ہوئے ہیں۔سیلاب سے 1000 سے زائد اموات ہوچکی ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے ہیں ،سیلاب کے نتیجے میں 50 ہزار سے زائد گھر مسمار ہوچکے ہیں۔اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ میرے بھائی صدر طیب اردوان سیلاب متاثرین کے لئے انسانی امداد کی مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔

ان کی قیادت میں ترکیہ نے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کی ہیں، اب تک 6 پروازیں امداد لے کر پاکستان پہنچ چکی ہیں، کل مزید 2 پروازیں پہنچیں گی، اس کے علاوہ امدادی سامان لے جانے والی ٹرین بھی انقرہ سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں