اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام فضل الرحمن‘ زرداری‘ نواز‘ شہباز کی اصلیت جان چکے ہیں، ان لوگوں نے قومی خزانے کے 1100ارب روپے کی ڈکیتی کی،اقتدار میں آئے سب سے پہلے نیب قانون کو تبدیل کیا،
یہ لوگ عوامی مفادات کی نہیں بلکہ ذاتی مفادات کی سیاست کررہے ہیں، ملک سیلاب کے ساتھ قرضوں میں بھی ڈوب چکا ہے،بحرانوں کی زد میں ہے۔ ان حالات میں کراچی سے خیبر تک ایک ہی آواز سنائی دیتی ہے۔ کون بچائے گا پاکستان عمران خان‘عمران خان۔ عوام نے پنجاب کے ضمنی انتخاب میں لوٹوں کو مسترد کرکے ن لیگ سے حکومت چھین کر تحریک انصاف کو واپس کی۔ مرکز میں حکومت 2ووٹوں کے سہارے کھڑی ہے۔ حکومت ڈگمگارہی ہے۔ ایک جھونکے کی مہمان ہے۔ ایک جھونکا آیا تو یہ حکومت بھی ختم ہو جائے گی۔ سیاسی تجربہ کہ رہا ہے کہ یہ حکومت اب چند دنوں کی مہمان ہے۔ کراچی سے خیبر تک فضاء اور عوام تحریک انصاف کی نظر آرہی ہے۔ پاکستان کی عوام ایک بار پھر عمران خان کو ملک کا وزیراعظم بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاین اے157 کی یونین کونسل کوٹھے والا‘ کوٹ گجراں میں سابق وفاقی وزیر ملک سکندر حیات بوسن کی جانب سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ن لیگ کے سابق وفاقی وزیر ملک سکندرحیات بوسن نے اپنے گروپ کی جانب سے ضمنی الیکشن این اے 157 میں پی ٹی آئی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔اس موقع پر ایم پی اے چودھری خالد گجر‘ چودھری نادر گجر‘ ملک سلیم لابر‘ مخدوم راجن بخش گیلانی‘ اعجاز جنجوعہ‘ حاجی نور صمد گجر‘
چودھری اسلم نمبردار‘ حاجی احمد گجر‘ ملک عدنان ڈوگر‘ ساجد گجر‘ منیر گجر‘ احمد گجر‘ اظہر خان‘ چودھری عامر گجر‘ ملک ظہور مہے سمیت عوام کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔انہوں نے کہا عمران خان کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ عمران خان کے خلاف جتناپراپیگنڈہ کررہے ہیں عمران خان کی مقبولیت اور تحریک انصاف کے ووٹ بینک میں اتنا اضافہ ہو رہا ہے۔ حکمران عمران خان کی مقبولیت دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔ 17 جولائی کے بعد امپورٹڈ حکمرانوں کو احساس ہو گیا ہے کہ عوام میں ان کی مقبولیت کتنی ہے۔
قوم امپورٹڈ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور مہنگائی کے سیلاب سے چھٹکارا پانے کیلئے عمران خان کا ساتھ دیں۔جنرل انتخابات میں پی ڈی ایم کو اپنی مقبولیت کا پتہ لگ جائے گا۔ آنے والا وقت تحریک انصاف اور عمران خان کا ہے۔ عوام امپورٹڈ حکمرانوں کو ایک بار پھر مسترد کرکے
عمران خان کو ملک کا وزیراعظم بنائیں گے۔ پاکستان کی رکی ہوئی ترقی کے سفر کو دوبارہ چلائیں گے۔ عمران خان کی مقبولیت کا واضح ثبوت تحریک انصاف کے جلسوں میں بغیر کسی دباؤ اور وسائل کے عوام کی ایک بہت بڑی تعداد کا آنا‘
عمران خان کے بیانیہ پر یقین کرنا اور پنجاب اور کراچی کے ضمنی انتخاب میں 13جماعتوں کو مسترد کرنا۔انشاء اللہ 11ستمبر کے ضمنی انتخاب میں بھی این اے 157 کی غیور عوام 13 جماعتوں پر مشتمل اتحاد کو مسترد کرکے عمران خان کی نامزد امیدوار کو کامیاب کرائیں گے۔ اور امپورٹڈ حکومت کے امیدوار کو عبرتناک شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی عملاً ختم ہو چکی ہے۔ پنجاب کے 20اضلاع میں ضمنی انتخاب ہوئے۔ پی پی کا کوئی امیدوار نہیں تھا۔
پی ٹی آئی اور ن لیگ کا مقابلہ تھا۔ پنجاب میں ن لیگ کی حکومت تھی‘ دباؤ اور وسائل کے باوجود عوام نے پی ڈی ایم کے امیدواروں اور لوٹوں کو مسترد کیا۔ اسوقت پنجاب اور کے پی کے میں پیپلز پارٹی کا وجود نہیں۔آزاد کشمیر‘ گللگت سے پی پی فارغ‘ پہاڑوں کی چوٹیوں پر تحریک انصاف کے چھنڈے لہرا رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام سمجھدار اور باشعور ہو چکے ہیں۔ عمران خان نے عوام کو شعور دیا۔ ان کے فریب وکرپشن کی داستانیں زدوعام ہیں۔پی پی کا کوئی مستقبل نہیں۔
ان حالات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ میں این اے 157 کی باشعور عوام سے درخواست کرونگا کہ این اے 157 کے ضمنی انتخاب میں پی پی امیدوار کو ووٹ دیکر اپنا قیمتی ووٹ ضائع نہ کریں۔ انہوں نے کہا عمران خان ملک میں حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں 47 میں ہمارے بزرگوں نے ملک آزاد کیا لیکن اس وقت حقیقی آزادی کہیں نظر نہیں آرہی۔ حقیقی آزادی اس وقت نظر آئے گی جب تھانوں میں بغیر سفارش اور رشوت کے انصاف ملے گا۔
جب غریب کا بچہ میرٹ پر قابلیت کے بل بوتے پر ملازمت حاصل کرے گا۔ امیر اور غریب کیلئے ایک جیسا قانون ہوگا۔ ملک میں گڈ گورننس کا نظام ہوگا۔ عمران خان عوام کو حقیقی آزادی دلانے‘ عوام کو ان کا حق دینے اور یکجا کرنے نکلے ہیں۔ 8 ستمبر جمعرات کو ملتان آ رہے ہیں۔ بابر چوک فاطمہ جناح ٹاؤن میں عمران خان کا جلسہ ہوگا۔ میں این اے 157 کی غیور عوام سے درخواست کرونگا کہ جلسے میں جوق در جوق شریک ہو کر عمران خان کے ہاتھ مضبو ط کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ملک سکند رحیات بوسن نے کہا ملک بحرانوں کی زد میں ہے۔ موجودہ حکومت کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا نہ کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی صلاحیت۔ ان حالات میں عمران خان کی واحد قیادت ہے جو ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
این اے 157 کی عوام سے درخواست کرونگا کہ وہ عمران خان کے نمائندہ محترمہ مہر بانو قریشی کو واضح اکثریت سے کامیاب کرکے حقیقی آزادی کی راہ ہموار کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اور ان کا پورا گروپ محترمہ مہر بانو قریشی کی کامیابی کیلئے بھر پور کمپیئن کرے گا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملک سکندر حیات بوسن اور ان کے گروپ کی حمایت پر ان کاشکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ بوسن گروپ کی حمایت سے محترمہ مہر بانو قریشی کی پوزیشن مضبوط ہوگی اور کامیابی مقدر بنے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں