توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نا اہلی، الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بڑی خبر

اسلام آباد(پی این آئی)الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے وکیل نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا۔

 

درخواست گزار محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان نے کروڑوں روپے کے توشہ خانہ کے تحائف چھپائے ہیں،عمران خان نے کہا کہ میں ذاتی حیثیت میں وقت کی درخواست کرتا ہوں،کوئی ایسی وجہ نہیں کہ تحریک انصاف وقت مانگے۔الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو ایک ہفتے تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ محسن شاہنواز رانجھا نے عمران خان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کر رکھا ہے۔بعد ازاں محسن شاہنواز رانجھا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں مکمل اثاثے ظاہر نہیں کئے،توشہ خانہ سے حاصل کئے گئے تحائف کو مخفی رکھا گیا،کیس میں مزید استدعا بے معنی ہے،تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں کوئی نیا کاغذ جمع نہیں کرانا،جبکہ الیکشن کمیشن نے انہیں ایک ہفتے کا وقت دیا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف ظاہر نہ کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نا اہلی کیلئے دائر ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمنشر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

 

درخواست گزار محسن شاہنواز رانجھا جبکہ حکومتی اتحاد کی جانب سے وکیل خالد اسحاق الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ عمران خان کی طرف بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ عمران خان کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے 3 ہفتے کا وقت مانگ لیا گیا،بیرسٹر خالد اسحاق نے تین ہفتوں کا وقت دینے کی مخالفت کی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close