پاکستانی کی موبائل کمپنیوں نے اپنی سروسز مفت کردیں

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان کی سیلولر کمپنیوں یوفون، زونگ، جاز اور ٹیلی نار نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اپنی سروسز مفت کر دیں۔ اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کی طرف سے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ پی ٹی اے اور موبائل فون آپریٹرز اس مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 

 

موبائل فون آپریٹرز سیلاب متاثرہ علاقوں میں اپنے تمام صارفین کو صفر بیلنس کے ساتھ (آن نیٹ/ایک ہی نیٹ ورک پر) مفت وائس کالز فراہم کریں گے۔جاز کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی سہولت اور امدادی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں مدد دینے کے لیے جاز سے جاز اور جاز سے پی ٹی سی ایل رابطے کے لیے صارفین کو مفت منٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ آج رات سے بلوچستان میں جاز صارفین بنڈلز یا بیلنس ختم ہو جانے کے باوجود کالز کر سکیں گے۔اسی طرح یوفون کی طرف سے بھی اپنے صارفین کے لیے یوفون سے یوفون اور یوفون سے پی ٹی سی ایل کالز مفت کر دیں ہیں۔ اس سہولت سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے سیلاب متاثرہ علاقوں کے صارفین *4357# ڈائل کریں۔یوفون کی یہ مفت آفر بارخان، سبی، کلات، مٹیاری، بولان، جیکب آباد، مستونگ، نوشہرو فیروز، گھوٹکی، شکارپور، موسیٰ خیل، خیرپور، نصیر آباد، کشمور، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰ یار، سکھر، راجن پور، جعفر آباد، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، دادو، لسبیلہ اور جامشورو میں دستیاب ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں