دبئی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی فوری امداد کا حکم دے دیا ہے، اماراتی صدر کے اعلان کے بعد سیلاب متاثرین کیلئے 3 ہزار ٹن خوراک بھیجی جائے گی۔اماراتی صدر نے وزیر اعظم پاکستان سے ٹیلیفون پر بھی رابطہ کیا اور ہر قسم کی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے ، امارات کی جانب سے خوراک کے ساتھ ساتھ کئی ٹن ادویات اور خیمے بھی شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی امدادی ٹیمیں متاثرہ افراد کی حفاظت اور ان کی خوراک، طبی اور رسد کی ضروریات کو یقینی بنانے کی کوششوں سے متعلق پاکستانی اداروں کو ہر قسم کی انسانی امداد بھی فراہم کریں گی۔خیال رہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور اب تک 1033افراد جاں بحق جبکہ 1527 زخمی ہو چکے ہیں ، سیلابی ریلوں نے لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔پاکستان نے بھی عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی ہے اور آج برطانیہ نے بھی 15 لاکھ پاؤنڈ کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں