اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق عمران خان کے دست راست طارق شفیع کے 114بنک اکائونٹس کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ طارق شفیع جو پاکستان تحریک انصاف کے فنانس بورڈ کے رکن اور شوکت خانم میموریل ہسپتال کے ممبر بھی ہیں نے اپنے 114 بنک اکائونٹ کے ذریعے کروڑ روپے کی مشتبہ ٹرانزیکشن کی۔ ذرائع کے مطابق ٹرانزیکشن میں استعمال ہونے والی
رقم شوکت خاتم ہسپتال کی مالی معاونت کے سلسلے میں مذکورہ اکائونٹس میں بھیجی گئی تھی لیکن طارق شفیع نے ان اکائونٹس سے مشتبہ ٹرانزیکشن کے ذریعے پی ٹی آئی رہنمائوں رقوم جاری کیں۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف برطانیہ کے چیریٹی کمیشن میں درخواست دائر کروا دی گئی۔مسلم لیگ (ن )برطانیہ لیگل ونگ کے سربراہ اور صدر چوہدری انصر محمود نے چیریٹی کمیشن لندن کے چیئرمین کو
عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف درخواست جمع کروائی۔درخواست میں کہا گیا کہ برطانیہ میں لوگوں سے جھوٹ بول کر اور دھوکہ دے کر غیر اخلاقی طور پر خیرات کے نام پر فنڈ جمع کیے گئے، عمران خان نے غریبوں کے لیے جمع کی گئی خیرات سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی۔ن لیگی رہنما کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ثابت ہو چکا ہے کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا،
فنانشنل ٹائمز اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان اور ان کی جماعت کے خلاف کارروائی کی جائے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا ثابت ہو چکا ہے کہ تحریک انصاف نے غیر قانونی طریقے سے فارن فنڈنگ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں