پیٹرول مزید مہنگا، وزیر خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی ٹیکس لگانے کا عندیہ دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہےکہ ٹیکس اہداف حاصل نہ ہوئے توپیٹرولیم مصنوعات پرجی ایس ٹی لگائیں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ قطر نے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے، قطر نے 8 ہزار میگاواٹ سولر پلانٹس لگانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

 

قطر ائیر پورٹس کو لانگ ٹرم لیز پر چاہتا ہے اور سی پورٹس پر سرمایہ کرے گا جب کہ روز ہوٹل کو بیچنے کی جو بات ہو رہی ہے اس میں کوئی صداقت نہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ 4 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کو پورا کر لیا گیا ہے، یو اے ای نے اعلان کیا کہ پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، سعودیہ ارب کی جانب سے بھی مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت ملے گی جب کہ مارچ اور اپریل تیل کے مہنگے سودوں کے باعث بجلی مہنگی پیدا ہوئی۔مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ مئی کے فیول ایڈجسٹمنٹ کے چارجز اگست کے مہینے میں آئے ہیں، فیول مہنگا تھا اس لیے مئی میں بجلی بہت زیادہ مہنگی بنی تھی۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ 55 فیصد صارفین سے اس ماہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں لیں گے جس کے تحت ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین سے یہ فیول ایڈجسمنٹ چارجز نہیں لیے جائیں گے۔

 

 

مئی میں جن لوگوں نے بجلی 200 یونٹ سے کم استعمال کی ہے ان کے بل ٹھیک کرکے دوبارہ بھیجے جائیں گے اس لیے جنہوں نے 200 یونٹ تک کے بل جمع نہیں کرائے ہیں وہ پرانا بل جمع نہ کریں نیا بل آئے گا جب کہ 200 سے 300 یونٹ تک کے بل والوں کے لیے بھی کمیٹی غور کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک سے370 ملین ڈالر ایک دو روز میں مل جائیں گے، اے ڈی بی،یورپین یونین اور امریکا کی جانب سے بھی مالیاتی امداد ملی ہے، آئی ایم ایف سے بات ہوئی ہے، ٹیکس اہداف حاصل نہ ہوئے توپیٹرولیم مصنوعات پرجی ایس ٹی لگا دیں گے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 25 ہزار روپے فی گھرانا ملیں گے اور مخیرحضرات سے درخواست ہے کہ وزیراعظم فلڈ ریلیف پروگرام میں حصہ ڈالیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں