پاک فوج نے اپنا تین دن کا راشن سیلاب متاثرین میں تقسیم کردیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاک فوج ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔پاک فوج نے اپنا 3 دن کا راشن یعنی 1500 ٹن راشن سیلاب زدگان میں تقسیم کردیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے عوامی عطیات وصول کرنے کی غرض سے آرمی کے تحت عطیہ مراکز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوج نے عوام اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ خیموں، بستروں، کمبلوں، پانی کے ٹینکوں اور تَرپالوں کی اشد ضرورت ہے۔

اپیل میں کہا گیا ہے راشن میں آٹے، گھی، چاول، دالوں، پتی اور پینے کے صاف پانی کی ضرورت ہے، فرسٹ ایڈ کٹ اور ضروری ادویات جیسے ڈائریا، آنکھ، کان اور جلد کی بیماریوں اور ڈی ہائیڈریشن کی ادویات بھی چاہئیں۔پاک فوج اب تک 40 ہزار افراد کو محفوظ مقامات اور آرمی کے قائم کردہ 137 سے زائد ریلیف کیمپوں میں منتقل کر چکی ہے۔قبل ازیں پاک فوج کے کور کمانڈرز اور وفاقی کابینہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ماہ کی تنخواہیں دینے کا اعلان کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس میں ملک بھر میں سیلاب کی صورت حال اور افواج کی جانب سے ریلیف ورک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں شریک تمام جنرل آفیسرز نے ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جاری آپریشن کے لیے دینے کا اعلان کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کے شرکا کو ملک میں سیلابی صورتحال، آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری

امدادی کارروائیوں اور بیرونی و داخلی سلامتی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کو آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے پختونخوا اور بلوچستان میں انسداد دہشت گردی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ کانفرنس کے شرکا نے ملک میں سیلابی صورتحال اور فوج کی طرف سے جاری ریسکیواینڈ ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا اور غیرمعمولی بارشوں کے

نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاروائیوں کو سراہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں