لندن(پی این آئی) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہےکہ وزیر اعظم شہباز شریف کے بارے میں مجھ سے منسوب بیانات غلط اور گمراہ کن ہیں۔ نواز شریف کا کہنا ہے امید ہےکہ انتہائی مشکل حالات میں شہباز شریف کی انتھک کاوشیں رنگ لائیں گی اور شہباز شریف ملک کو عمران خان کے پیدا کردہ بحران سے نکالیں گے۔
خیال رہے کہ سینیئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے انکشاف کیا ہے کہ نواز شریف نہ شہباز شریف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور نہ ہی مفتاح اسماعیل کی کارکردگی سے۔انہوں نے یہ انکشاف جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ’ میں گفتگو کرتے ہوئےکیا ۔لندن میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ نواز شریف معاشی پالیسوں سے بالکل مطمئن نہیں اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کارکردگی انہیں بالکل نہیں بھا رہی، انہوں نے بار بار کہا کہ میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت نہ لیں اور الیکشن کی طرف جائیں، ایسا لگتا ہے کہ نواز شریف نے ذہن بنالیا ہےکہ اگر کوئی معاشی پالیسی وہ چاہتے ہیں تو وہ اسحاق ڈار ہی کے ذریعے ہوگی، وہ مفتاح اسماعیل پر اعتماد نہیں کررہے اور سمجھتے ہیں کہ وزیرخزانہ کو معاشی پالیسیوں کا اتنا علم نہیں۔
سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بارہا مجھ سے کہا کہ آپ جا کر شہباز شریف سے ملیں اور انہیں کہیں کہ وہ معاشی پالیسیوں پر غور کریں، شہباز شریف کو چاہیےکہ وہ معاشی پالسیوں کے حوالے سے خود عوام کو اعتماد میں لیں۔مریم نواز کے حوالے سے سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ مریم سے نواز شریف بہت مطمئن ہیں، وہ خوش ہیں کہ جو میں کہتا ہوں مریم وہ کرتی ہیں۔سہیل وڑائچ کے مطابق نواز شریف اور مریم ایک پیج پر ہیں اور شہباز شریف اور حکومت الگ پیج پر ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں