لاہور/پیرمحل(پی این آئی) پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل میں شہری نے وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز اور نواز شریف سمیت 5 افراد کیخلاف مقدمہ کے اندراج کی درخواست جمع کروادی ہے. نجی ٹی وی کے مطابق ایڈوکیٹ رانا حسیب نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ رانا ثنااللہ، مریم نواز، نواز شریف اور خواجہ آصف کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست جمع کروادی ہے۔
رانا حسیب ایڈووکیٹ نے اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ صدر میں جمع کروائی ہے، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نجی ٹی وی پر رانا ثنااللہ نے عدالتوں کو دھمکایا، جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور کو بھی للکارتے ہوئے دھمکیاں دی گئیں، رانا ثنا نے کہا کہ آپ کے بچے پاکستان میں ہیں، سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا. درخواست میں ایڈوکیٹ رانا حسیب نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے یہ بیان مریم نواز، نواز شریف اور شہباز شریف کی ایما اور مشورے پر دیا لہذا ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔ادھروفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف گجرات کے تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ایف آئی آر میں دہشت گردی سمیت مختلف دفعات شامل ہیں وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ کے خلاف عدلیہ اور افسران کو دھمکانے پر ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ کے خلاف سنگین الزامات پر آئین و قانون کے تحت کارروائی کریں گے دوسری جانب صوبائی وزیر راجہ بشارت نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جھوٹے مقدمات میں بے قصور لوگوں کی بہت گرفتاریاں اور پیشیاں ہو گئیں، اب اصلی مقدمے میں اصلی مجرموں کی گرفتاریاں ہوں گی۔
ادھر مریم نواز، رانا ثناء، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کردیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کے لیے مقرر کردی، جسٹس محسن اختر کیانی کل درخواست پر سماعت کریں گے۔مقامی وکیل علی اعجاز بٹر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی عطااللہ تارڑ اور مریم اورنگزیب کو بھی توہین عدالت کی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں