اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے نئی کوششیں شروع کی جا رہی ہیں تاکہ پارٹی چیئرمین عمران خان کو ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ٹکرائو سے روکا جا سکے۔
انصار عباسی کی شائع خبر کے مطابق پی ٹی آئی کے باخبر اندرونی ذرائع کہتے ہیں کہ جو شخص اس سلسلے میں سب سے زیادہ کام کر رہے ہیں ان کا نام فیصل واوڈا ہے جبکہ پرویز خٹک بھی کوشش کر رہے ہیں۔ پنجاب میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت، ق لیگ سے پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس عمران خان کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خان کو مشورہ دیا جار ہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کشیدگی پی ٹی آئی اور خان کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اس سے پی ٹی آئی، ادارے اور ساتھ ہی ملک کو نقصان ہوگا۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کوششیں عمران خان کو ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے نرم کر سکتی ہیں اور آنے والے دنوں میں یہ تبدیلی بغور دیکھی جا سکے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کی جانب جارحانہ رویے پر خوش نہیں لیکن عمران خان کے منہ پر یہ بات کہنے کی جرأت چند ایک میں ہی ہے۔
تاہم، پارٹی میں کچھ تیز طرار لوگ بھی ہیں جو نہ صرف اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے عمران خان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں بلکہ چاہتے ہیں کہ ان کے کانوں میں سازشی نظریات اور غلط معلومات بھی انڈیلتے ہیں تاکہ کشیدگی بڑھتی رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں