عمران خان سے اتنی ہمدردی کیوں؟ اقوام متحدہ کی جانب سےعمران خان کیخلاف دہشگردی مقدمے پر نوٹس لینے پر مولانا فضل الرحمٰن نے سوال کھڑا کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی فورمز سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ کی ہمدردیوں کا محورِ مرکز عمران نیازی کیوں؟ عمران نیازی کو دھاندلی سے دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے،ان کی کوئی چال کامیاب نہیں ہوگی، آئین کے مجرم کو سیاست سے آؤٹ کریں گے اور دوبارہ مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

 

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس وقت ہماری نظر میں انتہائی حساس معاملہ کہ عمران خان کے ملعون سلمان رشدی پر حملے پر مذمتی بیان دینے کے بعد عالمی میڈیا کھل کر عمران نیازی کی حمایت کررہا ہے، مغربی اشرافیہ کا پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف تعصب کا یہ واضح ثبوت ہے۔واضح رہے کسی بھی طریقے سے پھر پاکستان کے الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے عمران نیازی کو دوبارہ اقتدار میں لایا جاسکے اور مہرے کو تخت پر بٹھایا جاسکے، پاکستان کے ریاستی ادارے عالمی دباؤ میں ہیں، عمران خان کی مالی کرپشن، ممنوعہ غیرملکی فنڈنگ اور باغیانہ سرکشی کے خلاف کسی بھی کاروائی کیلئے تاخیر کی پالیسی پر گامز ن نظر آرہی ہے، عمران نیازی خود آئین قانون سے ماورا سمجھتے ہیں،اگرعالمی دباؤ میں قانون کے مطابق عمران نیازی کے خلاف کاروائی سے گریز کیا گیا تو جے یوآئی ف اپنا کردار ادا کرنے سے گریزنہیں کرے گی۔

 

ہم اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی فورمز سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ کی ہمدردیوں کا محور مرکز عمران نیازی کیوں؟ پاکستان میں اس سے پہلے سابق وزراء اعظم کے خلاف عمران خان کی حکومت نے جس طرح انتقامی کاروائیاں کیں اور ملکی اداروں کو ان کے خلاف استعمال کیا ، کیا آپ نے ایک بار بھی عمران نیازی کی حکومت کے اقدامات کو غیرجمہوری ہونے کا اشارہ کیا؟ آج جب الیکشن کمیشن کی طرف سے واضح طور پرعمران نیازی کے چوری کے اقدامات قوم کے سامنے لائے گئے تو اسرائیلی چینلز اور عالمی ادارے تلملائے ہوئے اور احتجاج کررہے ہیں، اور اس کے حق میں واضح بیانیہ دے رہے ہیں۔ہم پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ وہ کیا پاکستان کے آئین سے منحرف ،پاکستان کا قانون شکن، اس کی نظریاتی اساس پر تلواریں مارنے والا، اس کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والے کی کس نظریے سے پشت پناہی کررہے ہیں؟ جب گوانتا ناموبے میں انسانی حق پامال ہورہا تھااور درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیدیوں پر ظلم ڈھائے گئے ، تاریخ مظالم کو لکھتے ہوئے قلم کانپ جاتا ہے۔

 

اس وقت انسانی حقوق کے تحفظ کا نظریہ کہاں تھا؟آج بھی عافیہ صدیقی امریکی جیل میں ہے کس جرم میں ؟ لیکن انسانی حقوق کی ہمدردی صرف عمران نیازی پر کیوں؟وہ عالمی قوتیں جو پاکستان کے آئین شکن مجرم کی پشت پناہی کررہی ہیں آج اسرائیل کے صیہونی ٹی وی چینلز کو کیوں تکلیف ہوگئی ہے؟ہم نے 12سال پہلے کہہ دیا تھا لوگ ثبوت مانگتے تھے آج ثبوت سامنے ہیں، کہاں سے فنڈنگ ہوئی؟ انڈیا اور اسرائیل سے ہوئی، انسانی حقوق پر دنیا کو بلیک میل کرنے والے اداروں کو واضح کرتے ہیں کہ ان کی چال کامیاب نہیں ہوگی، دھاندلی سے مسلط مجرم کو سیاست سے آؤٹ کردیا جائے گا اور پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close