اب میں آخری کال دوں گا اور۔۔۔ عمران خان نے حکومت کو ایک اور موقع دیتے ہوئے خبردار کر دیا

ہری پور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آخری کال دوں گا پھر اسلام آباد کی طرف چاروں اطراف عوام کا سمندر جائیگا، امپورٹڈ حکومت کو وقت دے رہا ہوں، الیکشن کا اعلان کردیں، پاکستان میں معاشی استحکام صاف شفاف الیکشن سے آئے گا۔

 

انہوں نے ہری پور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان میں سب سے زیادہ شرکت نوجوانوں اور خواتین نے کی تھی، خواتین گھر گھر گئی تھیں، خواتین نے لوگوں کو پیغا م دیا ہم ہندوستان کی غلامی نہیں کرنا چاہتے لیکن آج ہندوستان میں بسنے والے20کروڑ مسلمان آزاد نہیں ہیں، ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ہمیں انگریز سے آزادی مل گئی ہندووٴں کی بھی غلامی نہیں کی، آج وقت آگیا پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد کیا جائے، پاکستان کے فیصلے پاکستان میں اور عوام کے مفادات میں ہونے چاہئیں، ہم مزید کسی اور کی جنگ میں شرکت نہ کریں۔میں کبھی اس ملک کے ساتھ نہیں ہونے دوں گا، ہمارے سربراہ کو دھمکی ملی اگر امریکا کی جنگ میں شرکت نہ کی تو پاکستان کو تباہ کردیا جائے گا، کاش میں وزیراعظم ہوتا تو کبھی امریکی دھمکی کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکتا، امریکا کو کہتا آپ کے ملک میں دہشتگردی ہوئی ہم ہر طرح مدد کریں، ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں، آپ کے ملک میں صرف 3ہزار سے بھی کم لوگ مرے جبکہ پاکستان نے 80ہزار لوگوں کی قربانیاں دیں۔

 

ہم دہشتگردی کے خلاف اور پاکستان کی قوم کے حقوق کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فارن پالیسی ہمیشہ دنیا میں مفادات کیلئے ہوتی ہے، قوم جاگ چکی ہے، میرا کام عوام کو شعور دینا ہے، ہندوستان ہمارے ساتھ آزاد ہوا، لیکن انہوں نے اپنے لوگوں کے خلاف کبھی فیصلہ نہیں کیا۔ روس گیا تو سستا تیل خریدنے کی کوشش تھی، تاکہ پاکستان میں پیٹرول ڈیزل کی قیمت کم کی جائے لیکن ہماری حکومت ہٹا دی گئی، پھر امپورٹڈ حکومت مسلط کردی گئی، جس میں پاکستان کے نامور ڈاکو شامل تھے۔ایک ڈاکو نے ڈیزل کے پرمٹ پر ضمیر کا سودا کیا، دوسرا آصف زرداری 30سال سے ملک کی بیماری چوری کررہا ہے، جیل میں بھی گیا لیکن جیل سے نکل کر چوری شروع کردیتا ہے، کیونکہ اس کی چوری بیماری ہے، اس نے پیسا باہر بھجوایا ہوا ہے، تیسرا چیری بلاسم، شہبازشریف پیسے تم لوگ چوری کرو اور واپس قوم کرے؟ہم نے اپنے فیصلے خود کرنے ہیں، اور پاکستان کو چوروں سے آزاد کرانا ہے۔پتا چلا مجھے پکڑنے آرہے ہیں، وارنٹ گرفتاری نکال دیے کہ عمران خان بہت بڑا دہشتگرد ہے، میں تیار ہوگیا چلو جیل بھی دیکھ لیں گے، مجھ پر دہشتگردی کا کیس کردیا، پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی، دنیا میں خبر گئی عمران خان پر دہشتگردی کی ایف آئی آر کردی گئی۔

 

اس کا مجھے نہیں پاکستان کو نقصان ہوا، پہلے دنیا کو پتا چلا کہ تشدد کیا گیا، یہ سب کچھ اس لیے نہیں کررہے کہ دہشتگردی کی ہے، یہ ڈر گئے ہیں، ان کو خوف ہے، پہلے سازش کرکے نکالا تو عوام آگئی، 25مئی کو پولیس نے ظلم کیا، تشدد کیا تو ڈر جائیں گے کہ ممی ڈیڈی پارٹی ہے، لیکن ان کونہیں پتا نوجوانوں میں جنون ہے، خواتین میں جتنا جنون یہی ان کو شکست دے دیں گی، پھر پنجاب میں ضمنی الیکشن میں دھاندلی، انتظامیہ کے باوجود ایسا پھینٹا پڑا کہ کانپیں ٹانگنا شروع ہوگئیں، 17جولائی کو مار پڑی تو ڈر گئے اور فیصلہ کیا کہ عمران خان کو تیکنیکی طور پر ناک آوٴٹ کیا جائے۔لیکن جو مرضی کریں عوام بیدار ہوچکی ہے،جو مرضی کرلیں حقیقی آزادی کی تحریک کو کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام صاف شفاف الیکشن سے آئے گا، جب تک یہ رہیں گے کبھی معاشی استحکام نہیں آئے گا اور نہ ہی معیشت اوپر اٹھے گی، ساری قوم کو کہتا ہوں تیار ہوجائیں، امپورٹڈ حکومت کو وقت دے رہا ہوں، الیکشن کا اعلان کردیں، عوا م تیار کررہا ہوں، عوام تیار رہیں جب کال دوں گا تو عوام تیار رہے، اب آخری کال ہوگی، اس کال سے پہلے بہتر ہے صاف شفاف الیکشن ہوجائیں۔کال دوں گا تو اسلام آباد کی طرف چاروں طرف سے عوام کا سمندر آئے گا ، یقین دلاتا ہوں شہبازشریف آپ ، زرداری اور ڈیزل کوئی نہیں روک سکے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close