لسبیلہ سانحہ، تمام سیاسی جماعتوں کو کلین چٹ مل گئی، انکوائری میں بڑے انکشافات

اسلام آباد (پی این آئی) لسبیلہ ہیلی کاپٹر کی انکوائری رپورٹ میں بڑے انکشافات سامنے آگئے، پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور ان کے سرغنہ کا سراغ لگا لیا گیا، 580 اکاؤنٹس میں سے 178 اکاؤنٹس کا تعلق پی ٹی آئی جماعت سے نکلا۔ پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور ان کے سرغنہ کا سراغ لگا لیا گیا ہے، لسبیلہ ہیلی کاپٹرکی انکوائری رپورٹ میں 580 اکاؤنٹس سوشل میڈیا مہم میں ملوث ہونے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

 

مجموعی 580 اکاؤنٹس میں سے 178 اکاؤنٹس کا تعلق پی ٹی آئی جماعت سے نکلا،سب سے زیادہ سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کا تعلق انہی اکاؤنٹس سے ہے، کل 580 اکاؤنٹس کے ذریعے 2 ہزار 350 پوسٹیں کی گئیں، لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا مہم میں 18 بھارتی اکاؤنٹس بھی شامل رہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہداء اور پاک فوج کے سوشل میڈیا مہم چلانے والوں پر مقدمات درج کیے جائیں گے، پاک فوج اور شہداء سے متعلق منفی مہم چلانے میں ملوث افراد سے تفتیش کے بعد ان کے ہینڈلرز اور ماسٹرمائنڈ تک پہنچا جائے گا۔اس سے قبل دنیا نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے پر منفی پراپیگنڈے کی انکوائری مکمل ہوگی ہے۔چھ رکنی کمیٹی نے انکوائری رپورٹ مکمل کرلی ہے۔

 

رپورٹ میں سیاسی جماعتوں کو کلین چٹ مل گئی۔ رپورٹ میں پراپیگنڈہ انفرادی عمل قرار دے دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معاملے میں سیاسی جماعتیں ملوث نہیں۔ کسی سیاسی جماعت کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ انکوائری کمیٹی نے پروپیگنڈے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کے پروپیگنڈے کو انفرادی طور پر فروغ دیا گیا۔ قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر گھناونی مہم چلانے والوں سے تفتیش کے نتیجے میں ان کے سرپرستوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ شہدا کیخلاف سوشل میڈیا مہم میں کچھ بھارتی اکاونٹس بھی استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کیخلاف اداروں کی تحقیقات جاری ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

 

ایف آئی اے ، آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندوں پر مشتمل 6 رکنی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی، جو آرمی افسران کی شہادت کے واقعے پر منفی مہم چلانے والوں کی نشاندہی کی اور گرفتاری کے امور انجام دیے، 6 رکنی تحقیقاتی ٹیم کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا۔ٹیم میں آئی ایس آئی اور آئی بھی کے افسر بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے محمد جعفر ، ڈاکٹر وقار الدین سید، ایاز خان اور عمران حیدر ٹیم کا حصہ ہیں۔ آئی ایس آئی کے لیفٹیننٹ کرنل سعید اور آئی بی کے وقار نثار چوہدری بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کے گرفتاری ہو گی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے مہم کا حصہ بننے والے اکاؤنٹس کا شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔ انکوائری ٹیم افواج پاکستان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیگینڈا مہم کے معاملے پر تحقیقات کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close