اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز گل کو اغوا کرکے تشدد کیا گیا، جب وہ ذہنی طور پر ڈسٹرب ہوا تو اس کی تصویریں بنائی گئیں،آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کے اوپر ایف آئی آرز درج کروائی ہیں، شہباز گل سے زیادہ بری باتیں نواز شریف نے پاکستانی فوج کے بارے میں کی ہیں۔
ان کو کیوں نہیں پوچھتے؟لیاقت باغ راولپنڈی میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 25 مئی کوہمیں کہا گیا کہ اگر آپ کسی قسم کا قانون توڑیں گے تو ریاست کی ساری طاقت آپ کے اوپر آجائے گی، اسلام آباد میں ایک بہت بڑی تبدیلی ہوئی، ہمیں سیدھا کرنے کیلئے مسٹر ایکس کو لاہور اور مسٹر وائی کو اسلام آباد لایا گیا۔انہوں نے شہباز گل کو اغوا کیا اور ننگا کرکے اس کو مارا، دو تین دن تک مجھے پتا ہی نہیں چلا، جب میرے وکیل ملنے گئے تو انہوں نے مجھے آ کر بتایا کہ انہوں نے اس کا کیا حشر کیا، شہباز گل ایک پروفیسر ہے، جو امریکہ میں پڑھاتا تھا لیکن اپنے ملک کیلئے پاکستان آیا، اس کا کتنا بڑا جرم تھا کہ اس کو گاڑی کا شیشہ توڑ کر اٹھا کر لے گئے، اس کے ڈرائیور کی 10 ماہ کی بیٹی کو بھی اٹھا لیا۔عمران خان کے مطابق شہباز گل پر تشدد کیا گیا، جب وہ ذہنی طور پر ڈسٹرب ہوا تو اس کی تصویریں بنائی گئیں، جنہوں نے یہ کیا ان سے مخاطب ہوں کہ اگر آپ سے کبھی یہ ہوا تو آپ پر اور آپ کی فیملی پر کیا گزرے گی، ذرا سوچیں کہ ایک انسان کی آپ عزتِ نفس ختم کر رہے ہیں۔
جو انہوں نے شہباز گل سے کیا ہے یہ جانوروں سے بھی نیچے چلے گئے ہیں۔ اس معاملے پر جھوٹ بولا جا رہا ہے، سارے ڈرے ہوئے تھے، سچ نہیں بتاتے کہ شہباز گل پر ظلم کیا۔ انہوں نے شہباز گل کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ دینے والی خاتون جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا مجسٹریٹ زیبا ، جب آپ کے سامنے ایک آدمی آیا جس پر پولیس نے تشدد کیا ، کیا آپ کو اس کو دوبارہ پولیس کو دینا چاہیے تھا؟آپ کو ظلم نظر آ رہا تھا لیکن اس کے باوجود آپ نے واپس پولیس کے پاس بھیج دیا، آپ جج کے اتنے بڑے رتبے کے ساتھ انصاف نہیں کر رہیں۔آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کے اوپر ہم نے ایف آئی آرز درج کروائی ہیں، آزاد ملکوں میں ایسی چیزیں نہیں ہوتیں بلکہ غلام ملکوں میں ایسا ہوتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ شہباز گل سے زیادہ بری باتیں نواز شریف نے پاکستانی فوج کے بارے میں کی ہیں، ان کو کیوں نہیں پوچھتے؟ کیونکہ وہ طاقتور ہیں ، شہباز گل بیچارہ امریکہ سے آیا تھا اس لیے اس کو ذلیل کیا گیا۔
قانونی طور پر ہم اس کا پورا انصاف لے کر رہیں گے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ان کی گیم یہ ہے کہ شہباز گل کی مثال بنائی جائے، اے آر وائی جو کہ تحریک انصاف کا موقف پیش کرتا تھا ، اس کو صرف اس لیے بند کیا گیا کہ کسی طرح تحریک انصاف کا موقف نہ پیش کیا جائے، اب پیمرا بھی آگیا اور کہتا ہے کہ عمران خان کی لائیو تقریر نہیں ہوسکتی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں