عمران خان کی تقریر کے بعد وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے دبنگ اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے اعلان کیا ہے کہ خاتون مجسٹریٹ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسلام آباد پولیس کو دھمکی دینے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ عمران خان کی دھمکی کو ساری دنیا نے براہ راست دیکھا، اب قانون کے سامنے کیلئے تیار ہوجائیں۔

 

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کو کارسرکار میں مداخلت، دھمکیوں پر قانون کو جواب دینا ہوگا، قانون پر عمل نہ کیا تو پاکستان جنگل بن جائے گا۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ فوج میں بغاوت پر اکسانے والوں کو قانون سے بھاگنے نہیں دیں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ شہدا کی توہین کریں، بغاوت پر اکسائیں اور پھر اسلام آباد میں کھڑے ہو کر ریاستی رٹ کو چیلنج بھی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ رویہ ملک میں انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بن سکتا ہے، کارروائی لازم ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی، فرح گوگی کی کرپشن کی بات کرو تو عمران خان کو اسلامی ٹچ یاد آ جاتا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنےکا اعلان کیا اور دوران خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ کو نام لیکر دھمکی بھی دی۔

 

اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا بھی بیان سامنے آیا ہے اور ترجمان نے کہا ہے کہ خاتون افسر اور دیگر پولیس افسران کو دھمکیاں دینا ریاستی اداروں کے خلاف عمل ہے۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد پولیس کو بطور ادارہ ساکھ متاثر کرنے اور متنازع بنانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close