اسلام آباد(پی این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاست راولپنڈی کے بغیر مکمل نہیں ہوتی، گرفتار ہوا تو کوئی بات نہیں میں نے ایک اور کتاب لکھنی ہے۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاشی اور قومی سلامتی کے بعد 4 ارب ڈالر کے لیے قومی اثاثے داؤ پر لگا دیئے ہیں جبکہ عمران خان سے لوگوں کی ایسی محبت ہے کہ دنیا کل دیکھ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ 13 جماعتیں عمران خان کے خلاف نکلیں اور عمران خان کو دیوار سے لگانا چاہتی تھیں تاہم یہ 13 جماعتیں خود لکشمی چوک میں دیوار کے ساتھ لگ چکی ہیں اور ان کی اپنی قبریں لکشمی چوک پر بنیں گی۔جلسے سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کل کے جلسے میں عمران خان اہم اور تاریخی خطاب کریں گے اور دفعہ 144 کے 144 ٹکڑے کر دیں گے۔ کوئی سیاست راولپنڈی کے بغیر مکمل نہیں ہوتی اور عدم اعتماد کے بعد میرا راولپنڈی سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور قوم کی آواز کو دبانا ملک کے ساتھ زیادتی ہو گی۔ عوام عمران خان کے ساتھ نکلے ہوئے ہیں اور جو سمجھتے ہیں یہ الگ ہوں گے تو یہ ذہنی پستی ہے۔ اگر گرفتار ہو گیا تو کوئی ایسی بات نہیں کیونکہ ایک اور کتاب لکھنی ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں پر امن انداز میں اکتوبر نومبر میں الیکشن چاہیے اور شہباز گل پر جو تشدد ہوا اس سے عالم دنیا میں شرمندگی ہوئی۔ راولپنڈی حساس شہر ہے اس کا محل وقوع بھی حساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نظر نہیں آ رہے۔ عمران خان کو بھرپور سپورٹ کیا جائے گا اور 80 فیصد آبادی عمران خان کے ساتھ ہے۔ عمران خان نے گزشتہ روز حکمرانوں کو بے نقاب کیا وہ کسی سے خائف نہیں ہیں۔ شہباز گل معاملے پر دنیا بھر میں ناک کٹوائی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں