اڈیالہ جیل میں شہباز گل پر تشدد کیسے ہوا؟ پیپلز پارٹی کے سینئر لیڈر کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد( آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹ گھڑنے اور جھوٹ بولنے میں غضب کا فن رکھتے ہیں۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ اڈیالہ جیل پنجاب میں ہے اور پنجاب میں عمران خان کی حکومت ہے وہاں شہباز گل پر تشدد کیسے ہوا؟ حقیقت یہ ہے کہ عدالت نے شہباز گل کے ریمانڈ کا حکم دیا تو سارا تماشہ کھڑا کر دیا گیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کوئی محب وطن سیاستدان دشمن ممالک سے فنڈنگ قبول نہیں کرتا اور نہ ہی کوئی جمہوریت پسند جماعت ملک کے اداروں کے خلاف مہم جوئی نہیں کرتی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کی خواہش ہے کہ تمام ادارے ان کے ٹائیگر کا کردار ادا کریں اور انہیں 2018ء کی طرح دوبارہ اقتدار میں لایا جائے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے کوئی جرم نہیں کیا تو قانون کا سامنا کرے، ڈرامہ بازی اور بھونڈی الزام تراشی سے عمران خان کے مقاصد پورے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنا مرضی شور مچائے انہیں قانون کے دائرے میں آنا ہی پڑے گا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close