شہباز گل کمرہ عدالت میں رو پڑے، خدا کا واسطہ ، مجھے ماسک دے دیا جائے،شہباز گل کی پکار

اسلام آباد (پی این آئی) عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گِل کے مزید ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے، شہباز گِل کمرہ عدالت لے جاتے ہوئے رو پڑے، کہا میرا ماسک چھین لیا گیا، خدا کا واسطہ ہے ماسک دے دیا جائے۔کمرۂ عدالت میں موجود شہباز گِل نے کہا کہ میرا ماسک مجھے دے دیں خدا کا واسطہ ہے، عدالت نے شہباز گِل سے سوال کیا کہ آپ عدالت میں رہنا چاہتے ہیں؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے ماسک دے دیں میں رک جاؤں گا جس کے بعد شہباز گِل کیلئے عدالت میں آکسیجن سلنڈر بھی پہنچا دیا گیا۔

عدالت نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ پہلا سوال یہ ہے کہ کیا دو روزہ جسمانی ریمانڈ ہوا یا نہیں ؟ کیا پولیس دو روز میں تفتیش کرسکی یا نہیں ؟ کیا پولیس نیا ریمانڈ مانگ رہی ہے یا پہلے کی توسیع چاہتی ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ کیا تکنیکی طور پر پہلا دو روزہ جسمانی ریمانڈ شروع ہی نہیں ہوا ؟اس موقع پر فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے عدالت میں کہا کہ بیماری آپ نے دیکھ لی اس کا جینوئن معاملہ ہے، میڈیکل رپورٹ سے بھی لگ رہا ہے تشدد کیا گیا، میں نے کل ڈاکٹر سے پوچھا انہوں نے مجھے بتایا ہے۔فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہےجب درد کی کوئی شکایت کرے تو وہ انگلیاں دیکھ کر اندازہ لگاتے ہیں،

پولیس نے جو ریمانڈ کا پرچہ دیا ہے اس کے مطابق بھی پولیس مان رہی ہے کہ ریمانڈ مکمل ہوچکا ہے۔فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ آپ کے سامنے ہے شہباز گِل کو ویل چیئر پر آکسیجن سلنڈر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔اس سے قبل جب شہباز گِل کو عدالت لایا گیا تو انہیں ایمبولینس سے اتار کر وہیل چیئر پر بٹھا کر کمرۂ عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر اُن کا ماسک اترا ہوا تھا، وہ کھانس رہے تھے اور روتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ میرا ماسک لے لیا گیا ہے۔وکیل فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ ملزم کو جیل بھجیں اور ہمیں بھی سونے دیں، جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کتنے بجے تک پیش ہوجائیں گے۔فیصل چوہدری نے بتایا کہ سوا 9 بجے سے ایک منٹ اوپر نہیں ہوگا،

جج نے نائب کورٹ کو ہدایت کی کہ پولیس کو آگاہ کر دیں ملزم کو سوا 9 بجےپیش کیا جائے گا، اس کے بعد ابتدائی طور پر جسمانی ریمانڈ سےمتعلق سماعت میں سوا 9 بجے تک وقفہ کر دیا گیا۔اس سے قبل اسلام آباد پولیس پمز اسپتال کے پچھلے دروازے سے شہباز گِل کو لے کر روانہ ہوئی۔عدالت لے جاتے وقت شہباز گِل نے منہ پر آکسیجن ماسک لگایا ہوا تھا۔یہ بات اہم ہے کہ پمز اسپتال کے طبی بورڈ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو تندرست، صحت مند اور مکمل فٹ قرار دے دیا ہے۔

میڈیکل بورڈ نے شہباز گِل کے 10 ٹیسٹ اور 6 ایکسرے کے بعد میڈیکل رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ میں شہباز گِل کو مکمل طور پر فٹ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان پر کسی قسم کے تشدد کے ثبوت نہیں ملے، ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق شہباز گِل کسی بھی وقت اسپتال سے ڈسچارج ہوسکتے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں