سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی

لاہور (پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے وقت اپنے گھر کی چھت ملازمین کا حق ہے، گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی زیرالتواء الاٹمنٹ کیلئے فوری اقدامات کا حکم، ملازمین پرادائیگی کا بوجھ کم ازکم رکھا جائے، نئی ممبرشپ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر ناہید گل بلوچ نے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پی جی ایس ایچ ایف ممبرز کو زیر التواء الاٹمنٹ کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور کہا کہ سرکاری ملازمین کی ویلفیئرمیری ترجیحات میں شامل ہیں۔ریٹائرمنٹ کے وقت اپنے گھر کی چھت سرکاری ملازمین کا حق ہے۔ پلاٹ اورگھر ملازم کی ضرورت بھی ہے اورحق بھی ہے۔وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ گورٹمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ سکیم میں تعلیم اورصحت جیسی سہولتوں کی فراہمی کو بھی مدنظر رکھاجائے۔ہاؤسنگ سکیم میں ملازمین پر ادائیگی کا بوجھ کم از کم رکھا جائے۔ہاؤسنگ سوسائیٹز کو پوری طرح ڈویلپ کر کے ملازمین کو سہولت دی جائے۔وزیراعلیٰ پرویزالہی نے کہا کہ زیر التواء پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے بعد نئی ممبر شپ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔جی ایم سکندر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،چیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکرٹری فنانس،سیکرٹری ہاؤسنگ اوردیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی سے مسلم لیگ ق سکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ،کینیڈا کے صدر ارجمند بخاری،طاہر بخاری اوربرطانیہ کے محمد وقاص کی ملاقات، اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے چند ر وز کے اندر فلاح عامہ کے بے شمار اقدامات پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے ویژن کو سراہا:

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں مسلم لیگ ق کے اوورسیز پاکستانیزکے وفد نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے وفد میں مسلم لیگ ق سکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ،کینیڈا کے صدر ارجمند بخاری،طاہر بخاری اوربرطانیہ کے محمد وقاص شامل تھے۔ اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے چند ر وز کے اندر فلاح عامہ کے بے شمار اقدامات پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے ویژن کو سراہا اور کہا کہ آپ نے آتے ہی عام آدمی کی فلاح کو اپنا مشن بنایا ہے اور آپ نے اپنے پہلے دور کی طرح اب بھی برق رفتاری سے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ہم اوورسیز پاکستانیوں کی گرانقدر خدمات کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے دور میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جبکہ موجودہ وفاقی حکومت نے آتے ہی اوورسیز پاکستانیوں سے یہ حق چھینا۔ہماری حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کرے گی اوردیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کا امیر اہلسنت مولانا الیاس قادری کے جانشین حاجی عبید رضا عطاری کو فون،اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا:وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے امیر اہلسنت مولانا الیاس قادری کے جانشین حاجی عبید رضا عطاری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیااور حاجی عبید رضا سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہی نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا معروف کارٹونسٹ ارشاد حیدر زیدی کے انتقال پر اظہار تعزیت:وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے معروف کارٹونسٹ ارشاد حیدر زیدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارشاد حیدر زیدی نے اینی میٹڈ کارٹونز کے ذریعے نیا ٹرینڈ متعارف کرایا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں