ہمیں شرم آنی چاہئے، شہباز گل پر تشدد کی پریشان کن تصاویر دیکھیں، پیپلزپارٹی رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر کا اعتراف

اسلام آباد(پی این آئی) مصطفی نواز کھوکھر نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل پر جسمانی تشدد کی انتہائی پریشان کن تصویریں دیکھی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مصطفی نواز کھوکھر کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر تشدد کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا ہے۔

 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پی پی رہنما نے کہا کہ شہباز گل پر جسمانی تشدد کی انتہائی پریشان کن تصویریں دیکھی ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا آپ اس سے کتنا ہی اختلاف کرتے ہیں یا اُسے ناپسند کرتے ہیں، کسی کی عزت کو اس طرح پامال نہیں کرنا چاہیے تھا ۔مصطفی نواز کھوکھر نے اس معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت کے پاس اس طرح کا ظلم روکنے کی ہمت نہیں ہے یا پھر اس معاملے میں پی ڈی ایم بھی شامل ہے، ہمیں شرم آنی چاہیے۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین پر تشدد کر کے ہم جمہوریت کی اچھی خدمت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ شہبازگل کو ننگا کرکے مارا اور ذہنی ٹارچر کرکے بریک کردیا گیا، پھر کہا گیا کہ تم کہو عمران خان نے یہ جملہ کہنے کو بولا تھا، صرف چوروں کو تسلیم کروانے کیلئے سب کیا جارہا، شہبازگل سے ایک جملہ نکل گیا جو اس کو نہیں کہنا چاہیے تھا۔اب کوشش ہورہی ہے کہ ہم بھیڑ بکریوں کی طرح اس سیٹ اپ کو قبول کرلیں، سوشل میڈیا کے بچوں کو اٹھایا جارہا ہے، فوج کے خلاف ٹویٹ پر لوگوں کو اٹھا لیتے ہیں پھر کہتے کہو یہ ٹویٹ کرنے کا عمران خان نے کہا تھا۔

 

تحریک انصاف کو توڑنے کی سازش ہورہی ہے، اے آروائی کو بند کردیا گیا ہے، ہمارا وکیل جب شہبازگل کو مل کر آیا تو مجھے تب پتا چلا کہ کتنا بڑا جرم ہوگا؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہبازگل کو ننگا کرکے ٹارچر کیا، انسان کی عزت پہلے اس کو ننگا کرو، پھر تشدد کرو، اس کو ذہنی مفلوج کیا گیا، پھر کہا کہ تم کہو عمران خان نے یہ جملہ کہنے کو بولا تھا، صرف چوروں کوتسلیم کروانے کیلئے سب کچھ کررہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں