فیصل آباد میں تشدد کا نشانہ بننے والی میڈیکل طالبہ کی لرزہ خیز میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی

فیصل آباد(پی این آئی) میڈیکل رپورٹ میں فیصل آباد کی میڈیکل کی طالبہ خدیجہ محمود پر تشدد کی تصدیق ہو گئی۔ گزشتہ دنوں خدیجہ پر تشدد اور ہتک آمیز سلوک پر مبنی ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں، جن پر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور آئی جی پنجاب نے نوٹس لیا اور فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد مرکزی ملزم دانش سمیت دیگر کو گرفتار کر لیا گیا۔

 

 

گرفتار افراد میں 48سالہ دانش، اس کی بیوی ماہم (جس نے خدیجہ کو جوتے چاٹنے پر مجبور کیا) اور تین دیگر لوگ شامل ہیں۔ اطلاع ہے کہ اب دانش کی بیٹی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں ثابت ہوا ہے کہ تشدد سے خدیجہ کی آنکھ، ناک، چہرے اور ہاتھوں پر زخم آئے ہیں اور کچھ ہڈیاں فریکچر ہیں۔ رپورٹ میں اس بات کی تصدیق بھی کی گئی ہے کہ ملزمان نے خدیجہ کے بال کاٹے اور بھنویں بھی مونڈھیں۔خدیجہ پر تشدد کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ملک بھر میں شدیدردعمل سامنے آیا اور ہر انٹرنیٹ صارف نے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ شوبز شخصیات بھی اس مطالبے میں پیچھے نہیں رہیں۔ اداکار احسن خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ”اس ملک میں امن و امان کی صورتحال شرمناک حد تک خراب ہو چکی ہے۔“ اداکار بلال قریشی نے لکھا کہ ”ہے کوئی اس ملک میں جو ان ظالموں کو سخت سے سخت سزا دے؟“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں