ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات، پی ٹی آئی رہنمائوں کیلئے بُری خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے پی ٹی آئی کے مزید 5 رہنماؤں کو طلب کرلیا ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو خفیہ بینک اکاؤنٹس آپریٹ کرنے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے، فرح ناز، روشنا فہد، نجیب ہارون، فردوس شمیم نقوی اور ثمرعلی خان کو طلب کیا گیا ہے۔

 

 

ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے نے فردوس شمیم نقوی سمیت پی ٹی آئی کے مزید 5 رہنماؤں کو طلب کرلیا ہے، ایف آئی اے کی جانب سے فردوس شمیم نقوی اور سابق ایم پی اے ثمرعلی خان کو 19 اگست کو طلبی کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔اسی طرح پی ٹی آئی فنانس سیکرٹری فرح ناز اور خواتین ونگ کی اکاؤنٹ آپریٹر روشنا فہد سمیت رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو خفیہ بینک اکاؤنٹس آپریٹ کرنے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے الیکشن کمیشن میں ظاہر نہ کیے جانے والے پی ٹی آئی 16 خفیہ بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کررہی ہے،یہ اکاؤنٹس2009 سے 2013 تک آپریٹ کیے جاتے رہے۔

 

 

اس سے قبل سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل اور سیما ضیاء کو بھی طلبی کا نوٹس بھیجا گیا لیکن دونوں ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔ دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کے نوٹس پر تفصیلات دینے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے ایف آئی اے نوٹس کو بدنیتی قرار دے دیا۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کی طرف سے سابق اٹارںی جنرل انور منصور نے ایف آئی اے کو تحریری جواب بھجوایا۔ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل اور اسلام آباد کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کو تحریری جواب بھجوا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ آپ کو جواب دہ ہوں اور نہ ہی معلومات دینے کا پابند ہوں، پی ٹی آئی سے تفصیلات اور دستاویزات طلب کرنا ایف آئی اے کے زیر اثر ہونے کا مظہر ہے۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی ہے،اگر دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت کارروائی کروں گا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایف آئی اے نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پی ٹی آئی کو ہونے والی فنڈنگ سے متعلق ریکارڈ مانگا تھا۔

 

 

خط ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی طرف سے لکھا گیا ہے،خط میں لکھا گیا کہ پی ٹی آئی کا 1996 سے لیکر اب تک تمام تنظیموں اور ٹر سٹ کا ریکارڈ فراہم کیا جا ئے،پی ٹی آئی سے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ قومی و بین الاقوامی تنظیموں اور ٹرسٹ کا ریکارڈ مانگا گیا ہے۔پی ٹی آئی کے تمام اکاونٹس کھولے جانے سے لیکر اب تک کی سالانہ اسٹیٹمنٹ فراہم کی جائیں،پی ٹی آئی کے تمام قومی اور بین الاقوامی ڈونرز کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے، جبکہ تمام کمپنیوں اور اداروں کا ریکارڈ فراہم دیا جائےجنہوں نے تحریک انصاف کی مدد کی۔ ایف آئی اے کی جانب سے پارٹی کے قیام سے لیکر اب تک وصول کی گئی ممبر شپ فیس کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں