حکمران اتحادی جماعت نے بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) حکومتی اتحادی ایم کیوایم نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر اظہار تشویش کیا ہے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔

 

حکومتی اتحادی ایم کیوایم نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے، ملک کے غریب عوام پر رحم کیا جائے اور ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا، رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ماہانہ آمدن کم اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت بجلی ٹیکس کی مد میں اخراجات دوگنے ہوچکے ہیں۔حکومت ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے بہتر حکمت عملی اپنائے۔ وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ اسی طرح مرکزی نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے اپنے ردعمل میں کہا کہ میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوں۔ اس فیصلے کی تائید نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی اور یہاں تک کہ دیا کہ میں مزید ایک پیسے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتا اور اگر حکومت کی کوئی مجبوری ہے تو میں اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں اور میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے۔

 

شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری کا بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر تشویش کا اظہار، حکومت میں عوام کو ریلیف دینے آئے ہیں ،ریلیف دینا ہی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ دوسری جانب وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے جواب میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا نہیں، مزید ٹیکس نہ لگانے کی بات کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں