اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آئین قانون کی بالادستی پر چلیں گے تو ملک بھی چلے گا، شروع سے ہی اداروں کے اندر چھیڑ چھاڑ ہوئی، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کسی نے پرواہ نہیں کی کہ یہ ہمارا ملک ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی نے سابق اور موجودہ پارلیمنٹرینز کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کیلئے ڈائمنڈ جوبلی کا انعقاد خوش آئند ہے، آئین کی بالادستی پر چلیں گے تو ملک چلے گا، شروع سے ہی اداروں کے اندر چھیڑ چھاڑ ہوئی، پاکستان کو دنیا بھر میں ہم نے تماشا بنا دیا ہے، ہماری اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کسی نے پرواہ نہیں کی کہ یہ ہمارا ملک ہے، جو بیوروکریٹ یہاں بیٹھے ہیں ان کے بچے بھی باہر بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ بھی پاکستان سے محبت کرتے ہیں، ہمارے زخم اتنے ہیں کہ ہم بھائیوں کی طرح نہیں رہتے۔ بلوچستان والے آج بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کی طاقت اور جرات اسی آئین میں ہے۔اسی طرح سابق صدرمملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان کے لیئے عوام کی منتخب پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا قائد اعظم محمد علی جناح نے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیکر مضبوط اور مستحکم ملک بنایا تھا جو آج بھی وفاق کی تمام اکائیوں کے درمیان اعتماد اور بندھن کا مقدس دستاویز ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آمروں نے طاقت کے بل بوتے پر آئین کو مسخ کیا مگر آئین کو ختم کرنے میں ناکام رہے۔سابق صدر آصف زرداری نے کہا بااختیار پارلیمنٹ ہی ملک اور قوم کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتی ہے ۔ سابق صدر نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے خون سے وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا میثاق لکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، آصف علی زرداری نے کہا اب وہ وقت آ چکا ہے کہ میثاق جمہوریت پر مکمل عمل کرکے ملک اور قوم کیلئے پائیدار فیصلے کیئے جائیں، آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کی تمام جمہوریت پسند سیاسی پارٹیاں پارلیمان کو بااختیار بنانے کیلئے متحد ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں