عمران خان نے دو حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے، متبادل امیدوار کون ہے؟

چارسدہ /مردان (آئی این پی)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24 چارسدہ اور حلقہ این اے 22 مردان کے ضمنی انتخابات کے لیے سابق وزیراعظم عمران خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرا د یئے ۔تحریک انصاف کے اراکین کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نو نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق پولنگ 25 ستمبر کو ہوگی۔

مردان کے ریٹرننگ افسر نے تصدیق کی ہے کہ این اے 22 پر تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم کے لیے ابھی تک عمران خان کی جانب کاغذات نامزدگی جمع نہیں ہوئے۔ این اے 31 کے لیے عوامی نیشنل پارٹی سے غلام احمد بلور نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی فہرست 14اگست کو شائع کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 10 سے 13اگست تک جمع کرواسکتے ہیں جن کی جانچ پڑتال 17اگست تک ہوگی۔امیدواروں کو انتخابی نشانات 29 اگست کو جاری کر د یئے جائیں گے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی کی ان 9 خالی نشستوں پر خود ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔پانچ اگست کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے وہ یہ ہیں ،این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی اور این اے 246 جنوبی کراچی۔واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 28 جولائی کو پی ٹی آئی کے 11 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے اور استعفوں کے نوٹی فیکیشنز الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے گئے تھے۔سپیکر قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے اگلے ہی دن الیکشن کمیشن نے ان تمام ارکان کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close