اسلام آباد(آئی این پی)پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والے 700 سے زائد اکائونٹس کا پتا لگایا گیا ہے جن میں بیرون ملک سے چلنے والے اکانٹس بھی شامل ہیں۔ عرب ویب سائیٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی مہم کی تحقیقات کے لیے قائم چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی رپورٹ میں اس مہم میں ملوث اکائونٹس کی نشاندہی ہوئی ہے۔
وزارت داخلہ کے ایک اعلی اہلکار نے عرب ویب سائیٹ کو بتایا کہ ایف آئی اے، آئی بی، آئی ایس آئی کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی صرف فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جمع کروائے گی جس کے بعد مقدمے درج کیے جائیں گے اور گرفتاریاں بھی ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ آٹھ اگست کو قائم ہونے والی کمیٹی کی تحقیقات ابھی جاری ہیں اور ابھی صرف ابتدائی رپورٹ جمع کروائی گئی ہے۔اس ابتدائی رپورٹ کے مطابق 754 ایسی ٹویٹس کی گئیں جس سے شہدا یا پاک فوج کے خلاف مہم کا تاثر ملتا ہے۔اس سلسلے میں تقریبا 237 ٹوئٹر اکائونٹس کا پتا چلایا گیا ہے جن میں سے 204 پاکستان سے چلائے جا رہے تھے جبکہ 17بھارت اور 16 دیگر ممالک سے آپریٹ ہو رہے تھے۔
وزارت داخلہ کے مطابق تقریبا 84 افراد کے حوالے سے تحقیقات ہو رہی ہیں جن میں سے چھ کا تو پتا لگ گیا ہے جبکہ باقی 78 کی شناخت جاننے کے لیے نادرا سے مدد مانگی گئی ہے۔ انکوائری کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مہم کے تانے بانے ایک سیاسی جماعت سے بھی ملتے ہیں تاہم اس حوالے سے وزارت داخلہ کے اہلکار نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مکمل انکوائری کے بعد ہی حتمی طور پر رائے دی جا سکتی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں