اسلام آباد (پی این آئی) وزیر خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا عندیہ دے دیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کا عندیہ دیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں بھی نمایاں استحکام ریکارڈ کیا گیا، آئندہ مہینوں کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہوں گی اوراس سے پاکستانی صارفین کو بھی ریلیف ملے گا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عام آدمی کی تکلیف سے آگاہ ہیں، ہمیں مشکل فیصلے لیتے ہوئے تیل اور بجلی پر سبسڈی واپس لینا پڑی اور دیگر اشیا پر ٹیکسوں میں اضافہ کرنا پڑا ہے اور میرے خیال میں اب ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔دوسری جانب جی این این نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15روپے کمی کا امکان ہے۔اوگرا کی جانب سے حتمی سمری 13اگست کو وزارت خزانہ کو بھیجی جائے گی، جبکہ وزارت خزانہ سمری پر 15اگست کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کرے گی۔بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں پیٹرول 12 اور ڈیزل کی قیمت میں 15روپے کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث کی جانب سے کہا گیا کہ پورا احساس ہے کہ لوگ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے پریشان ہیں،عوام کو ہر ممکن حد تک ریلیف دیا جائے گا۔تیل کی عالمی قیمتوں میں متواتر کمی کا عوام کو اصل ریلیف ملے گا، عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاوٴ سے اوسط قیمت نکالنا پڑے گی۔
ایک اور خبر کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ہفتے ردوبدل کی تجویز زیر غور ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ اقدام کا مقصد عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد موسم کی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر ایک یا دو روز بعد تبدیل ہوں گی۔ذرائع پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈالر سستا یا مہنگا ہونے کی صورت میں ایک دو روز بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں