اسلام آباد (پی این آئی) اینکر پرسن طلعت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل نے تفتیش میں انکشافات کرنا شروع کردیے ہیں۔ایک اور ٹویٹ میں طلعت حسین نے شہباز گل کے مبینہ اعتراف کو “دی گریٹ گِل سپِل” کانام دیا اور کہا کہ تفتیش میں دو باتیں سامنے آئیں۔ ایک تو شہباز گل نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے جو ایکشن یا حملہ کیا وہ پارٹی سربراہ کے کہنے پر کیا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے یہ اعتراف گزشتہ روز کے انٹرویو کے حوالے سے کیا ہے یا عام بیانیے کے بارے میں کیا ہے۔طلعت حسین کے دعویٰ کے مطابق شہباز گل کے اعتراف میں دوسری بات یہ سامنے آئی کہ انہیں یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے بیان کے دوران متعلقہ چینل انہیں بیچ میں نہیں ٹوکے گا۔خیال رہے کہ شہباز گل نے گزشتہ روز اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے فوج کے حوالے سے متنازعہ گفتگو کی تھی جس کی بنا پر انہیں آج گرفتار کرلیا گیا۔ ان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ طلعت حسین کے دعووں پر تاحال پی ٹی آئی کا موقف سامنے نہیں آسکا ہے اور نہ ہی اس دعویٰ کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہوسکی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ شہباز گل کی گرفتاری کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ظاہر نہیں کی گئی، وہ تھانہ کوہسار میں نہیں ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں