اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 12اگست کو اسلام آباد میں بہت اہم پریس کانفرنس کروں گا، 13 اگست کو لال حویلی میں جشن آزادی کا روایتی جلسہ ہوگا، جلسے سے عمران خان کی تقریر بھی سکرین پر دکھائی جائے گی۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ تیرہ اگست کی رات کو جشن آزادی کا روایتی بڑا جلسہ لال حویلی راولپنڈی کے باہر منعقد ہوگا۔
بارہ بج کر ایک منٹ پر آتش بازی کا حسب معمول مظاہرہ ہوگا اور جلسے سے عمران خان کی تقریر بھی سکرین پر دکھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 12 تاریخ بروز جمعہ 3 بجے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کروں گا۔ اس سے قبل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی بیان میں کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان شدید ٹکراؤ کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے، صوبے اور مرکز آمنے سامنے آگئے ہیں۔سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پلس اور مائنس کا فیصلہ زمینی خداؤں نے نہیں بلکہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نے کرنا ہے، اگست کا مہینہ ترقیوں، تعیناتیوں اور تنزلیوں کا مہینہ ہے، غیر یقینی سیاسی اور معاشی حالات سب کے چراغ بجھا سکتے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ حکمران جماعتوں نے نیب میں ترامیم اپنے کیسز سامنے رکھ کرکی ہیں، اب احتساب ججز کی تقرری صدرنہیں بلکہ کرپشن زدہ لوگ کریں گے، جیلیں غریبوں کے لیے ہیں، اشرافیہ کے لیے تو یہ 5 اسٹار ہوٹل ہیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ جب چیف الیکشن کمشنر پر اعتبار نہیں ہوگا تو عمران خان الیکشن کو کیسے مانے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں