نئی حلقہ بندیاں، قومی اسمبلی کی کتنی نشستیں کم ہو گئیں؟ تفصیلات آگئیں

اسلام آ باد(پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نئی حتمی حلقہ بندیاں جاری کر دی ہیں ،قومی اسمبلی کی266اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 593جنرل نشستیں بنائی گئی ہیں۔ اس سے قبل قومی اسمبلی کے حلقے 272 تھے ۔ الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں پر910اعتراضات موصول ہوئے،جن کو یکم جولائی2022سے 30 جولائی2022تک سماعت کے بعد نمٹایا گیا۔

 

حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان 11اپریل 2022کو کیا گیا تھا، یکم جون سے 30جون تک الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر عوام کے اعتراضات اور تجاویز وصول کیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ الیکشن میں قومی اسمبلی کی 266جنرل نشستیں بنائی گئی ہیں، چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 593جنرل نشستیں بنائی گئیں ہیں، انتخابی حلقہ /ضلع کی حتمی حلقہ بندی کی کاپی حسب ضابطہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد سے لی جا سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں پنجاب کی141، سندھ کی61، بلوچستان کی16سیٹیں رکھی گئی ہیں، خیبرپختونخوا کی45اور اسلام آباد کی3سیٹیں رکھی گئی ہیں، نئی حلقہ بندیوں کے ذریعے قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم کر دی گئیں،واضح رہے کہ25ویں آئینی ترامیم کے بعد قومی اسمبلی کی 6نشستیں کم کر دی گئی ہیں ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان اسمبلی کی51، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 115جنرل نشستیں رکھی گئی ہیں، پنجاب اسمبلی کی297، سندھ اسمبلی کی130سییٹں بنائی گئی ہیں ،حلقہ بندیاں چھٹی مردم شماری کے نتائج کے تحت کی گئیں۔پہلا قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 1چترال کو برقرار رکھا گیا ہے، وفاقی دارالحکومت کے قومی اسمبلی کے حلقے کا آغاز این اے 46سے ہو گا، 231حلقوں کے نمبر تبدیل کر دیئے گئے۔

 

پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقوں کا آغاز این اے 49اٹک سے ہو گا، سندھ سے قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 190جیکب آباد سے شروع ہو گا، بلوچستان سے قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 251شیرانی سے شروع ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں