صوابی (آئی این پی ) پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پشاور کا نوٹس موصول ہوگیا، انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام ریکارڈ موجود ہے، ایف آئی اے کے سامنے پیش کروں گا، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پشاور کا نوٹس موصول ہوگیا۔
اسد قیصر نے ایف آئی اے کا نوٹس ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے پشاور کی جانب سے ابھی نوٹس ملا، تمام ریکارڈ موجود ہے، ایف آئی اے کے سامنے پیش کروں گا۔اسدقیصر نے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں،سیاسی و قانونی محاذ پر بھرپور مقابلہ کروں گا، امپورٹڈ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے خائف ہے، حکومت ریاستی اداروں کو اپنے سیاسی عزائم کیلئے استعمال کرنے سے گریز کرے۔
خیال رہے کہ ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی انکوائری کے سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو طلب کیا ہے۔ایف ائی اے پشاور کے انکوائری افسر کی جانب سے اسد قیصر کو 11 اگست کو ایف ائی اے خیبر پختوانخوا آفس میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔اسد قیصر کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے مطابق آپ کے دو بینک اکائونٹس ہیں،
اسد قیصر 2 بینک اکاونٹس کھولنے اور انھیں چلانے سے منسلک ہیں لہٰذا انکوائری ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں حاضر ہوں اور بینک اکانٹس کے بارے میں سوالات کے جواب دیں۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے رہنماں اور دفتری ملازمین سے تفتیش شروع کر دی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں