عمران خان قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ہونیوالےضمنی انتخابات میں تمام 9حلقوں سے لڑتے ہیں تو کتنا خرچ آئیگا؟ ہوشربا تفصیلات آگئیں 

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے نو حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں خود بطور امیدوار حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، ان حلقوں میں ضمنی انتخاب پر 50 سے 90 کروڑ روپے تک کے اخراجات آئیں گے، اگر چیئرمین پی ٹی آئی تمام حلقوں میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو اس صورت میں ایک بار پھر نو حلقوں پر ضمنی انتخاب ہوگا اور اتنا ہی خرچہ آئے گا۔

 

عمران خان کے الیکشن لڑنے کی صورت میں حکومت کے مجموعی طور پر ایک ارب سے ایک ارب 80 کروڑ روپے تک کے اخراجات ہوسکتے ہیں۔ ایک حلقے میں الیکشن اخراجات تقریباً پانچ کروڑ روپے ہوتے ہیں لیکن اگر دور دراز اور حساس حلقہ ہو تو اس پر اخراجات 10 کروڑ روپے تک بھی جاسکتے ہیں۔ اگر عمران خان تمام نو حلقوں سے کامیابی حاصل کرلیتے ہیں تو ایک بار پھر نو ہی حلقوں پر ضمنی انتخاب ہوگا کیونکہ انہیں آٹھ نشستیں چھوڑنی پڑیں گی جب کہ میانوالی کی ایک نشست سے وہ پہلے ہی ایم این اے ہیں۔ اس صورت میں ایک بار پھر حلقوں کی تعداد بڑھ کر نو ہوجائے گی اور ایک بار پھر وہی اخراجات کرنے پڑیں گے جو پہلی بار ضمنی انتخاب میں ہوئے ہوں گے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ یہ الیکشن میں ہونے والے سرکاری اخراجات کا تخمینہ ہے جب کہ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے ہونے والے اخراجات اس میں شامل نہیں ہیں۔ بعض اوقات ایک حلقے میں امیدواروں کے اخراجات کئی کروڑ روپے تک ہوتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close