الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی سنگین غلطی تسلیم کر لی

اسلام آباد(پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مردہ قرار دیے گئے ایک لاکھ 15 ہزار 100 ووٹرز کو زندہ مان لیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے مردہ قرار دیئے گئے ایک لاکھ 15 ہزار 100 ووٹرز کو دوبارہ تصدیقی عمل میں زندہ تسلیم کر لیا ہے، اس حوالے سے جاری دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ پہلی تصدیقی مہم میں 32 لاکھ 8 ہزار 895 ووٹرز کو مردہ قرار دیا گیا تھا تاہم دوبارہ تصدیقی مہم میں 30 لاکھ 93 ہزار 877 ووٹرز مردہ قرار پائے۔

 

 

الیکشن کمیشن کی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ مردہ قراردیے گئے ووٹروں کو ٹائپنگ غلطی کی وجہ سے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا لیکن دوبارہ تصدیق کے بعد ووٹرز کو انتخابی فہرست میں شامل کردیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے تمام فیلڈ دفاتر کو ووٹرز لسٹوں کو رینڈم چیکنگ اور حتمی اشاعت 25 اگست کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 40 لاکھ زندہ ووٹرز کو مردہ قرار دینے کا انکشاف سامنے آیا تھا، جس کی بناء پر پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی انتخابی فہرستوں پر اعتراض عائد کرتے ہوئے تین نکات پر مشتمل پٹیشن دائر کی تھی ، پی ٹی آئی رہنماء و سابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا تھا کہ انتخابی فہرستوں میں بعض زندہ افراد کو مردہ قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن آیا ہوں، ہم نے پٹیشن رائے کی جو تین مقامات پر مشتمل ہے، ووٹرز لسٹوں کے بار کوڈ تبدیل کیے گئے، بہت سے لوگوں کے مستقل اور عارضی ایڈریس تبدیل کیے گیے، اس کے علاوہ ووٹر لسٹ میں بہت زندہ لوگوں کو مردہ دکھایا گیا ہے ،ہمارے پاس ان کے شواہد بھی موجود ہیں۔

 

دوسری طرف قومی اسمبلی کے 9 حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کا جاری کردہ انتخابی شیڈول عدالت میں چیلنج کردیا گیا، پاکستان تحریک انصاف نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے توسط سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی، جس میں انتخابی شیڈول معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے، اس مقصد کے لیے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر التواء ہے، عدالت 4 اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ہے، اس لیے الیکشن کمیشن کا 5 اگست کو جاری کردہ شیڈول معطل کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں