اسلام آباد (پی این آئی) متحدہ عرب امارات نے معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں پاکستان کی مختلف کمپنیوں میں ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔روزنامہ جنگ میں مہتاب حیدر کی شائع خبر کے مطابق اماراتی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنایا جا سکے۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی
اس خواہش کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں جن میں گیس، انرجی انفرا اسٹرکچر، توانائی کے متبادل ذرائع، ہیلتھ کیئر، بایو ٹیکنالوجی، زرعی ٹیکنالوجی، لاجسٹک، ڈیجیٹل کمیونی کیشن، ای کامرس اور فنانشل سروسز شامل ہیں۔ پاکستانی حکام بے صبری کے ساتھ دوست ممالک سے 4؍ ارب ڈالرز کی مالی مدد کے منتظر ہیں۔ ملک کے طاقتور حلقوں نے امریکی حکام، سعودی عرب اور ساتھ ہی متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام سے
رابطے کرکے ضروری مالی مدد کی درخواست کی ہےتاکہ معطل شدہ آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کیا جا سکے۔ ایک سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستان عاشورہ سے قبل دوست ممالک سے مالی مدد حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ آئی ایم ایف کا بورڈ 24؍ اگست سے قبل پاکستان کا 7؍ ارب ڈالرز کا پروگرام بحال کرے۔ اب پاکستان کو سعودی عرب سے تیل کی موخر ادائیگیوں کی تصدیق درکار ہے اور پاکستان کیلئے ایس ڈی آرز کے کنورژن کا انتظار ہے جس کے بعد لیٹر آف انٹینٹ پر وزیر برائے خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک دستخط کریں گے اور درخواست ارسال کر دی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں