عمران خان کا بڑا فیصلہ ، قومی اسمبلی کی خالی ہونیوالی تمام9 نشستوں پر خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حال ہی میں خالی قرار دی گئی قومی اسمبلی کی نو نشستوں سے خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے 11 استعفے قبول کیے تھے جن میں سے نو ارکان جنرل نشستوں پر منتخب ہوئے تھے جب کہ دو ارکان مخصوص نشستوں پر آئے تھے۔

 

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سابق فوکل پرسن اظہر مشوانی کے مطابق عمران خان نے 25 ستمبر کو ہونے والے نو قومی اسمبلی کے حلقوں کے ضمنی انتخابات میں تمام نشستوں سے خود انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔جن نو حلقوں میں ضمنی الیکشن ہوں گے ان علاقوں میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور،این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی، این اے 246 کراچی جنوبی شامل ہیں۔خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں عمران خان نے پانچ حلقوں سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا اور وہ تمام پانچوں نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے۔ وہ ایک ساتھ پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے سیاستدان ہیں۔ انہوں نے 2018 میں این اے 131 لاہور سے خواجہ سعد رفیق، این اے 53 اسلام آباد سے شاہد خاقان عباسی، این اے 243 سے ایم کیو ایم پاکستان کے سیّد علی رضا، این اے 95 میانوالی سے ن لیگ کے عبید اللہ خان، این اے 35 بنوں سے اکرم خان درانی کو شکست دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close