پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں عام انتخابات کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کردی

اسلام آباد(پی این آئی )مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں عام انتخابات کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کردی۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک میں عام انتخابات کروانے کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کردی ہے، حکومتی جماعتوں کی جانب سے خیبر پختون خواہ اور پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔

حکومتی ارکان نے ٹاک شوز میں انتخابات کیلئے مشروط آمادگی کا اظہار کیا ہے، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گارنٹی دیتا ہوں پاکستان تحریک انصاف کے پی اور پنجاب اسمبلی تحلیل کرے ہم قومی اسمبلی تحلیل کردینگے۔راناثنااللہ نے کہا کہ کے پی اور پنجاب اسمبلی تحلیل کریں اور قومی اسمبلی میں دیے گئے استعفوں کی تصدیق کرادیں، ایسی صورت میں یقین دہانی کراتا ہوں ضمنی الیکشن نہیں عام انتخابات ہونگے۔

راناثنااللہ نے کہا کہ داعی رہے ہیں اپوزیشن قومی اسمبلی سے چلی جائے تو ضمنی الیکشن ممکن نہیں، پی ٹی آئی مخلص ہے تو صبح اسمبلیاں توڑیں اور عام انتخابات کی طرف بڑھیں۔پی پی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ پی ٹی آئی آج کے پی اورپنجاب اسمبلی تحلیل کریں ہم کل جنرل الیکشنز کا اعلان کردینگے۔دوسری جانب پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کو ہٹانے اور قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں مطالبات مان لیے گئے تو ہم کے پی اور پنجاب اسمبلی تحلیل کردینگے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close