چوہدری شجاعت متحرک ہو گئے، ق لیگ کی مرکزی عاملہ کا چوہدری شجاعت پر مکمل اعتماد کا اظہار، غیر قانونی اجلاس میں شریک افراد کو شوکاز جاری کرنے کا فیصلہ

لاہور (آ ئی این پی)مسلم لیگ ق کی مرکزی مجلس عاملہ نے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا،اجلاس میں چوہدری شجاعت کی صحت کے حوالے سے دیے گئے بیان کی شدید مذمت، کامل علی آغااور غیر قانونی اجلاس میں شریک افراد کو شوکاز جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ق کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس چوہدری شجاعت حسین کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں پنجاب کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کی صحت کے حوالے سے دیے گئے بیان کی شدید مذمت کی گئی۔ غیر قانونی اجلاس کی صدارت کرنے والے کامل علی آغااور اجلاس میں شریک افراد کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ سمیت پارٹی کے اراکین مجلس عاملہ، صوبائی صدور، مرکزی عہدے داروں نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ قرار دادوں کے ذریعے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت کے حوالے سے نازیبا کلمات اور اعلامیہ کی شدید مذمت کی گئی۔

مسلم لیگ سندھ کے صدر، بلوچستان، کے پی اور گلگت کے عہدیدران نے لاہور کے اجلاس سے لاتعلقی کا اعلا ن کردیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی تنظیم کے غیر قانونی اقدام کو چیلنج کرنے کیلئے قانونی ٹیم سے مشاورت کی جائے گی۔اجلاس میں ایک قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب کی تنظیم 10 اگست کو اجلاس بلانے کی مجاز نہیں، غیرقانونی اجلاس میں شرکت کرنے والوں کی پارٹی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔خیال رہے کہ وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر ق لیگ میں پھوٹ پڑ گئی ہے اور پرویز الہی نے چوہدری شجاعت کی مخالفت کے باوجود تحریک انصاف کی حمایت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close