ق لیگ کے کتنے ارکان کو پنجاب کی کابینہ میں شامل کیا جائیگا؟ عمران خان نے منظوری دیدی

اسلام آباد(پی این آئی) سابق وفاقی وزیر مونس الہی نے آج پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات بنی گالا میں ہوئی۔ملاقات میں پنجاب کابینہ سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی گئی۔دونوں رہنماؤں نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پنجاب کابینہ میں بھی ق لیگ کو نمائندگی دی جائے گی۔

 

 

اس حوالے سے مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیں وزیراعلیٰ بنایا، انہیں یقین دلایا کہ مزید کچھ نہیں چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی مہربانی کہ دوسرے مرحلےمیں ق لیگ کو وزارتیں دینےکی منظوری دی۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں حکومت سازی کے پہلے مرحلے میں 18رکنی کابینہ کی منظوری دیدی تاہم حیران کن طور پر مسلم لیگ (ق) کو ایک بھی وزارت نہیں دی گئی تھی۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے عمران خان کی جانب سے کابینہ کی فہرست پنجاب قیادت کو موصول ہو گئی جس میں پہلے مرحلے میں 18وزراء حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے کے لئے مرتب کی گئی کابینہ فہرست میں اتحادی مسلم لیگ (ق) کا ایک بھی وزیر شامل نہیں رکھا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اطلاعات سامنے آنے پر مسلم لیگ (ق)کے 10 ارکان اسمبلی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوںنے اس حوالے سے قیادت کو بھی آگاہ کیا ہے ۔

 

ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پنجاب کابینہ کی تشکیل کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان اور چودھری پرویز الٰہی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں