لندن(پی این آئی)مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کو آئندہ 48 گھنٹوں میں پی ٹی آئی کیخلاف ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کی ہدایت کردی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت حکمران اتحاد کا اجلاس ہوا جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے کہ ریفرنس فل کورٹ سنے، اتحادی جماعتوں نے ملک بھر میں تحریک انصاف کے خلاف مل کر جلسے کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے پر عدم استحکام پیدا کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، عمران خان سی پیک کو رول بیک اور کشمیر کا سودا کرنے میں بھی براہ راست ملوث ہے۔اتحادی جماعتوں نے ملک بھر میں تحریک انصاف کے خلاف مل کر جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق ایم کیو ایم کراچی اور پیپلز پارٹی حیدر آباد، سکھر میں جلسے کریں گی، جے یو آئی پشاور، پختونخوا میپ اور بی این پی مینگل کوئٹہ میں جلسہ کریں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ن لاہور میں جلسہ کرے گی، جلسوں میں اتحادی جماعتوں کی تمام قیادت شریک ہوگی، مسلم لیگ ن راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی جلسے کرے گی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ اتحادی حکومت کو اب کارکردگی دکھانا ہوگی، اتحادی حکومت کو مہنگائی کے جن کو ہر صورت قابو کرنا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں