فارن فنڈنگ میں ملوث عمران خان کے گھریلو ملازمین کی گرفتاری کا امکان

اسلام آباد (پی این آئی) پی ڈی ایم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فارن فنڈنگ میں ملوث عمران خان کے گھر کے ملازمین کو فوری گرفتار کیا جائے، گھر کے چار ملازمین کے اکاوٴنٹس میں پیسا آیا ،انہیں گرفتار کرکے مزید تفصیلات حاصل کی جائیں، تحریک انصاف کے عہدیدران کی گرفتاریاں بھی فوری عمل میں لائی جائیں۔

 

سربراہ جے یو آئی ف اور صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحما ن نے پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ عمران خان نے پانچ سال تک مسلسل الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹ بولا ہے، حکومت میں کچھ اور جبکہ حکومت سے باہر کچھ اور بات کرتا ہے، حکومت میں آکر پاکستان کی تاریخ نااہل حکمران ثابت ہوا، الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹے بیان حلفی ، جھوٹے سرٹیفکیٹ جمع کرائے، یہ آئین کی خلاف ورزی ہے، اس سے پہلے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن اس پر بہت سے لوگوں کو نااہل قرار دے چکی ہے، ااج ہم اس مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں ، صاف نظر آرہا کہ عمران خان نے ریاست اور ریاستی عمارت کو زمین بوس کرنے کیلئے عالمی مدد حاصل کی، اس نے ملک کے خاتمے کیلئے اقتدار حاصل کیا، آج پاکستانی قوم ہر ادارہ جو دفاع وطن کے جذبے سے سرشار ہے، لازم ہے وہ ریاست کے ساتھ کھڑا ہوجائے اور ریاست کی بقاء کا حق ادا کرے۔

 

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں حقائق سے ثابت ہوچکا کہ غیرملکی کٹھ پتلی لاکھوں ڈالر اربوں روپے غیرملکی ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے سیاست میں لایا گیا، 351غیرملکی کمپنیوں اور 34غیرملکی شہریوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی گئی، ہندوستان اور اسرائیل ، بھارت، کینیڈا، فن لینڈ، امریکا سے فنڈز لیے گئے ، جن ممالک کے نام سامنے آئے وہ صرف پاکستان کے خلاف نہیں بلکہ وہ پاکستان میں اسلامی نظریے کے بارے کیا سوچتے ہیں، یہ سب کچھ بھی سامنے آگیا ہے، پتا چل گیا انہوں نے عمران خان کو کس ایجنڈے کے تحت پاکستان میں نافذ کیا۔16بینک اکاؤنٹس اسٹیٹ بینک سے چھپائے گئے، ایک دم سے بیانات دیے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آگیا آج ہوش آیا تو اب الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کررہے ہیں۔

 

اب الیکشن کمیشن کو بلیک میل کررہا ہے، یہ حساب کتاب 2013تک کا ہے، اب سے اس 2013کے بعد کا بھی حساب لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے عہدیدران کی گرفتاریاں عمل میں لائی جانی چاہئیں، پارٹی کے چار ملازمین کو نجی اکاؤنٹس میں اندرون بیرون ملک پیسا جمع کرنے کی اجازت کیوں دی گئی؟گھرکے چار ملازمین کے نام پر اکاوٴنٹس میں پیسا آیا ہوا ہے،ان کو گرفتار کرکے مزید تفصیلات حاصل کی جائیں، یہ سب کچھ عمران خان ، صدر عارف علوی کی اجازت سے ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں