عمران خان کو نہیں چھوڑنا، نواز شریف نے حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا

لندن(پی این آئی)مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔ لندن میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ”پوری قوم جانتی ہے کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا چور ہے اور آج یہ بات ثابت بھی ہو گئی ہے۔

 

“میاں نواز شریف نے کہا کہ ”عمران خان لوگوں کو دیانت داری پر لیکچر دیا کرتا تھا لیکن آج الیکشن کمیشن کے فیصلے نے ثابت کر دیا کہ وہ درحقیقت وہ خود تاریخ کا سب سے بڑا چور ہے۔ عمران خان جانتا تھا کہ وہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی منی لانڈرنگ کر چکے ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ وہ ضمنی الیکشن میں 15نشستیں جیتنے کے باوجود الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کررہے تھے۔ یہ مطالبہ دراصل لیکشن کمشنر پر دباؤ ڈالنے کے لیے تھا تاکہ وہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ سنائیں۔“نواز شریف نے کہا کہ ”عمران خان نے جس طرح غیرملکیوں سے پیسے لیے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ پاکستان میں بیرونی ایجنڈا لانے والے آدمی ہیں۔ انہوں نے ملکی معیشت تباہ کر دی اور ملک کی کمر توڑ دی ہے۔ یہ سب کچھ انہوں نے بیرونی ایجنڈے کے تحت کیا۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار جیسے لوگ جنہوں نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا اور مسلم لیگ ن کے خلاف نیب متعصبانہ کارروائی شروع کی، انہیں سزا ملنی چاہیے۔اس حوالے سے تمام چیزیں ریکارڈ پر ہیں اور وقت آئے گا کہ ان تمام سوالوں کے جوابات دینے ہوں گے۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close