وفاقی حکومت نے سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے عاشورہ کے موقع پر دو چھٹیوں کی منظوری دے دی۔کابینہ ڈویژن نے 9 اور 10 محرم 2022 کو عام تعطیل کا نوٹفیکیشن جاری کر دیا۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پیر 8 اگست اور منگل 9 اگست کو تعطیل ہو گی۔

 

دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور محرم الحرام کے لیے تشکیل کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امن کمیٹیوں کے فعال کردار کو یقینی بنائیں، تمام مکاتب فکر کے علماء اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر باہمی ہم آہنگی کی فضا قائم کریں جبکہ شہر میں داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ حساس مقامات، امام بارگاہوں، مساجد اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عاشورہ کے جلوس کے تمام روٹس کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے اور سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور حساس ادارے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈسٹرک پولیس لائنز لاہور میں محرم الحرام کی سکیورٹی اور جرائم کی صورت حال پر کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

 

اجلاس میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کرائم کنٹرول جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز افضال کوثر نے عاشورہ محرم کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب نے خواتین اور بچوں پر تشدد اور ہراسگی کے کیسز سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے اور جینڈر کرائم سیل کو ازسر نو تشکیل دیکر مزید فعال بنانے کے احکامات جاری کیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close