اسلام آباد (پی این آئی) پی ڈی ایم قائدین کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کا امکان ہے، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے کو مثال بنایا جائے گا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں مزید کارروائی کے لیے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
باخبر ذرائع کے مطابق تمام اتحادی جماعتیں سپریم کورٹ سے اس معاملے پر فل کورٹ تشکیل دینے کا مطالبہ کریں گی۔ معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں طے پایا کہ پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مزید پیشرفت کے لیے قانونی اور سیاسی کمیٹیاں قائم کی جائیں۔ وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ سیاسی کمیٹی کی سربراہی کریں گے، دیگر ارکان میں نوید قمر، مریم اورنگزیب، رانا ثناءاللّٰہ اور سردار ایاز صادق شامل ہوں گے۔ قانونی کمیٹی میں اعظم نذیر تارڑ، فاروق ایچ نائیک، رانا ثناء اللّٰہ اور کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔ دونوں کمیٹیاں کل 2 بجے اتحادیوں کے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کریں گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں