اسد عمر نے ایک بار پھر بند کمروں میں ڈیل کا انکشاف کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے جنر ل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے حرام کے پیسہ سے لوٹے خرید کر اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کر کے سیاست ہو رہی ہے،آج کئی سالوں سے چلنے والے ڈرامے کی تازہ قسط پیش کی گئی۔

 

یہ فنڈنگ کا راستہ روک کر ہماری سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اب ایک لرزہ طاری ہے کہ عمران خان کیوں کھڑا ہوگیا ہے،پاکستان کے عوام باہر کی طاقتوں کے سامنے سرجھکانے اور غلامی کو تیار نہیں ہیں،جبکہ عوام کی طاقت اور سیاست کے لیے پیسہ بھی چاہیے اور وہ کہتا ہے کہ میں پیسہ عوام اور کسی سے نہیں لوں گا۔بیرون ملک کے پیسوں کی ترسیل سے ہی تو ملک کی معیشت کھڑی ہے، پیسے کے بغیر سیاست ہو نہیں سکتی بینرز،جھنڈے لگانے کیلئے پیسے چاہیئے ہوتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ہو کیا رہا ہے۔ ملک میں الیکشن خریدے جاتے ہیں اور بند کمروں میں بیٹھ کر ڈیلیں کی جاتی ہیں۔ اب پاکستان میں ایسا لیڈر آگیا ہے جو کہتا ہے کہ میں نے سیاست عوام کے زور پر کرنی ہے اور پچھلے 4 مہینوں میں دیکھا گیا کہ مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی گئی لیکن عمران خان کھڑے ہو گئے۔اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے 3 شوکت خانم اسپتال بنائے اور نمل یونیورسٹی بنائی۔ پاکستان میں بد قسمتی سے چند خاندانوں نے حکومت کی ہے۔

 

عمران خان نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ خیرات اکٹھی کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کو اندرون و بیرون ملک سے لوگ پیسے بھیجتے ہیں،اب یہ چاہتے ہیں کہ ہماری فنڈنگ کا راستہ روک کر یہ ہماری سیاست کو ختم کریں۔ واضح رہے کہ آج الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ لی ہے، تین رکنی بینچ کی طرف سے متفقہ فیصلہ سنایا گیا، کیس میں تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ثابت ہوگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close