ریڈزون کی سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ، کیا ہونیوالا ہے؟ بڑی ہلچل مچ گئی

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت کا الیکشن کمیشن کی سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل بروز منگل سنانے کا اعلان کیے جانے کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی سیکورٹی سخت کرنے کیلئے فوری اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔

 

تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے سے قبل الیکشن کمیشن کے باہر 1 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی۔ واضح رہے کہ جیو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے کاز لسٹ جاری کردی ہے، کاز لسٹ کے تحت تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل صبح 10بجے سنایا جائے گا۔واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے21جون کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر کے فنانشل ایکسپرٹ نے دورانِ سماعت بتایا تھا کہ پی ٹی آئی فنڈز میں آڈٹ کے اصول اور معیارکو نظر انداز کیا گیا ہے ، ڈونرز تھرڈ پارٹی نہیں ، پی ٹی آئی قیادت کی اپنی بنائی ہوئی کمپنیاں ہیں۔اس دوران اکبر ایس بابر نے کہا کہ پہلی بارکوئی سیاسی جماعت الیکشن کمیشن میں فنڈنگ کی تفصیلات دے رہی ہے، ہر سیاسی جماعت کو الیکشن کمیشن کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام فریقین کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کا کیس فائنل ہوا ہے ، چاہتے ہیں دوسری سیاسی جماعتوں کے کیسزکا بھی اختتام ہو ، یقینی بنائیں گے کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو اور ووٹر کا اعتماد بحال ہو ، ملک کو جمہوری طور پر مضبوط کرنا ہے۔

 

اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 دن میں سنانے کا فیصلہ کالعدم قراردے دیا ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی ائی کی اپیل جزوی طور پر منظور کرلی ، عدالت نے ایک ماہ میں فیصلہ سنانے کی حد تک سنگل بنچ کا فیصلہ کلعدم قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات ایک ساتھ کرنے کی پی ٹی آئی کہ درخواست نمٹا دی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت امید کرتی ہے کہ کارروائی شفاف انداز میں آگے بڑھائی جائے گی ، الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی آرڈر پاس نہیں کیا ، الیکشن کمیشن کے نمائندے نے یقین دہانی کرائی کہ سب سیاسی جماعتوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ چند روز قبل تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے کنڈکٹ کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا ، اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف نے دائر درخواست میں عدالت سے 17 سیاسی جماعتوں کے خلاف کیسز کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کی استدعا کی تھی۔

 

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں تحریک انصاف کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرنے میں جانبداری کا مظاہرہ کررہا ہے ، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی طرح 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی سے انکاری ہےجبکہ الیکشن کمیشن کے رویے سے پی ٹی آئی متاثرہ پارٹی ہے ، الیکشن کمیشن کو 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان کا حکم دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں