عمران خان کا انسٹاگرام اکائونٹ ہیک ہو گیا؟ عمران خان کے اکائونٹ سے مشکوک لنک شئیر کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کا ’انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک‘ ہونا پاکستان میں سوشل میڈیا کا اہم موضوع بن گیا۔پیر کو عمران خان خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دی گئی تفصیل میں موجود لنک تبدیل ہوا تو متعدد صارفین نے دعویٰ کیا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔

 

فوری طور پر خود عمران خان یا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اکاؤنٹ ہیک ہو جانے پر کچھ نہیں کہا گیا تاہم بعد میں معاملے کی تصدیق کی گئی۔’ہیکنگ‘ کا نشانہ بننے والے عمران خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مشکوک ویب سائٹ کا لنک خاصی دیر تک واضح رہا۔پیر کو دوپہر کے بعد سے اکاؤنٹ کی بائیو میں دکھائی دینے والا لنک جس ویب سائٹ کا ہے اس کی ملکیت سے متعلق معلومات پرائیویٹ رکھی گئی ہیں۔24 جولائی کو رجسٹرڈ کی جانے والی ڈومین کی رجسٹریشن آئندہ ایک برس کے لیے دکھائی گئی ہے۔ اس پر ڈیجیٹل کرنسیوں کے تحائف سے متعلق غیرمصدقہ اطلاعات نمایاں ہیں۔خاصی دیر تک عمران خان کے اکاؤنٹ پر نمایاں رہنے والا لنک بعد میں دکھائی دینا بند ہو گیا تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مشکوک لنک پروفائل پر شامل ہونا اور ہٹایا جانا اکاؤنٹ ہولڈر کی جانب سے تھا یا یہ سوشل پلیٹ فارم کے کسی ممکنہ ایرر کا نتیجہ ہے۔عمران خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ساتھ ہونے والی سرگرمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے اہم موضوعات میں شامل ہوئی تو متعدد صارفین نے اس پر تبصرے کیے۔

 

خود کو کرپٹو گرو کہنے والے گل جی نے عمران خان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے کی اطلاع دی تو ایک سکرین شاٹ شیئر کیا۔اس تصویر میں پی ٹی آئی چیئرمین کےا کاؤنٹ سے ’تین بٹ کوائن‘ دینے پر ’ایلن مسک کا شکریہ‘ ادا کیا جا رہا ہے۔ہیکنگ کا ذکر کرنے والے متعدد صارفین نے اکاؤنٹ سے کی گئی ایک پوسٹ کا سکرین شاٹ بھی شیئر کیا جس میں ’ایلن مسک کی ٹویٹ‘ دکھائی گئی ہے۔پی ٹی آئی میڈیا سیل کے ترجمان نے پارٹی چیئرمین کا ’انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے‘ کی تصدیق کی۔پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق ’اکاؤنٹ ریکور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں