ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ رکوانے کیلئے تحریک انصاف کیا کر رہی ہے؟ بڑا الزام عائد کر دیا گیا

اسلام آباد ( پی این آئی) سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس رکوانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے بانی رکن نے عمران خان کیخلاف کیس کیا،جبکہ 8 سال سے فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں پڑا ہوا ہے۔ محمد زبیر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوتے ہوئے کہا کہ اکبر ایس بابر نے رقم منتقلی کے تمام ثبوت پیش کئے،فنڈنگ سے متعلق غلط خبریں ہیں تو اس پر کیس کریں،اخبار پر کیس کریں سب کچھ سامنے آ جائے گا۔

 

اگر یہ بات غلط ہے تو پی ٹی آئی لندن کی عدالت میں مقدمہ کرے۔ انکا کہنا تھا کہ ہم نے نیب کے کیسز اور جیلیں بھگتی ہیں۔ اب عمران خان کو جواب دینا ہو گا،لیکچر دینا بند کریں،عمران خان صادق امین ہیں تو ان سوالوں کے جواب دیں،بھاگیں نہیں۔ہماری پارٹی اور تمام اراکین نے اثاثوں کے جواب دئیے۔ محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان اپنے اثاثوں اور صادق امین ہونے کا ثبوت دیں۔عمران خان کبھی عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے۔ ان سے فنڈنگ کا سوال کریں گے اور بار بار کریں گے۔ نواز شریف نے اپنے اثاثوں کو پورا حساب دیا،جبکہ مسلم لیگ ن کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں واضح ثبوت دیئے،انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دوسروں سے پیسے لئے اور سیاست پر استعمال کئے گئے،اگر پی ٹی آئی کے ہاتھ صاف تھے تو عمران خان ریکارڈ دیتے،عمران خان آج بھی الیکشن کمیشن پر حملہ کرتے ہیں۔8 سال ہوگئے پی ٹی آئی نے ریکارڈ مہیا نہیں کیا۔ پی ٹی آئی کہہ چکی ہے ہمیں ان اکاونٹس کا علم نہیں تھا۔

 

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم،پیپلزپارٹی اورایم کیوایم وفد نے الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی،چیف الیکشن کمشنر،صوبائی الیکشن کمشنرملاقات میں موجودتھے۔ ملاقات میں فارن فنڈنگ کیس کے حوالےسے گفتگو ہوئی۔ 8 سال سے فارن فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں زیرسماعت ہے۔ کسی جماعت کو اختیار نہیں کہ باہر سے فنڈنگ لائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close