محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، عاشورہ کب ہوگا؟

کوئٹہ (آئی این پی)مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر سے محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی لہذا یکم محرم 31 جولائی کو ہوگی جبکہ یوم عاشور 9 اگست بروز منگل ہوگا ۔ جمعہ کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی طرف سے اجلاس کے بعد جاری بیان کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا لہذا یکم محرم الحرام 31 جولائی بروز اتوار کو ہو گا اور یوم عاشور 9 اگست بروز منگل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں ذونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس منعقدہوئے تاہم ملک کے کسی بھی علاقے سے شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا اور متعدد مقامات پر مطلع صاف رہا لیکن محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پورے ملک میں عدم رویت رہی اور چاند نظر نہیں آیا لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم محرم 31 جولائی کو ہوگا۔رویت ہلال کمیٹی کے مطابق اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی، زونل کمیٹی کراچی کے اراکین سمیت وزارت مذہبی امور، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سپارکو کے اراکین بھی شریک ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ ذونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوئے۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن، اتحاد بین المسلمین و بین المسالک ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کے فروغ کو زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان وہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close